لاہورہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کو این اے122 دھاندلی کیس میں کارروائی شروع کرنے کی اجازت دیتے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی

جمعرات 20 نومبر 2014 19:45

لاہورہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کو این اے122 دھاندلی کیس میں کارروائی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) لاہورہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کو این اے122 دھاندلی کیس میں کارروائی شروع کرنے کی اجازت دیتے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی،عمران خان کی انتخابی عذرداری کیخلاف جاری حکم امتناعی بھی خارج کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ الیکشن ٹربیونل میں عمران خان کی این اے ایک سو بائیس میں دھاندلی کیخلاف انتخابی عذرداری کیخلاف دائر سپیکر قومی اسمبلی کی درخواست ناقابل سماعت ہے ، فل بنچ کے فیصلے کی روشنی میں ہائیکورٹ کو الیکشن ٹربیونل کی کارروائی میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے لہذا مذکورہ حلقے میں دھاندلی کیخلاف دائر انتخابی عذرداری کیخلاف جاری حکم امتناعی خارج کیا جاتاہے، درخواست میں سردارایازصادق کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا تھا کہ عمران خان نے نامکمل انتخابی عذرداری دائر کی ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نامکمل انتخابی عذرداری دائر نہیں کی جا سکتی لہذا الیکشن ٹربیونل کو عمران خان کی انتخابی عذرداری خارج کرنے کا حکم دیا جائے، دوسری جانب عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ تکنیکی خامیوں پر کسی بھی کیس کے میرٹ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جبکہ فل بنچ کے فیصلے کی روشنی میں بھی ہائیکورٹ کو الیکشن ٹربیونل کے معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں لہذا سپیکر قومی اسمبلی کی درخواست خارج کی جائے، عدالت نے دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج جاری کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی درخواست خارج کر دی گئی ۔