ریکارڈ کم مدت میں متاثرین کو مالی امداد فراہم کرکے پنجاب نئی تاریخ رقم کر رہا ہے‘ ڈاکٹر احمد جاویدقاضی

جمعرات 20 نومبر 2014 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی قدرتی آفات میں متاثرین کی فوری امداد حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز رہاہے، ریکارڈ کم مدت میں متاثرین کو مالی امداد فراہم کرکے پنجاب نئی تاریخ رقم کر رہا ہے ،25نومبر تک 3لاکھ 50ہزار سے زائد متاثرین سیلاب میں 16ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کرنے کا عمل مکمل کر لیاجائے گا، دوسرے مرحلے میں اب تک 2لاکھ 50ہزار متاثرین میں 8ارب 86کروڑ روپے مالیت کے پے آرڈر تقسیم کر دیئے گئے ہیں، سیلاب متاثرین ہر قسم کی معلومات کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ رکھے ہوئے ہیں، متاثرین کی طرف سے امدادنہ ملنے کی شکایات کی تصدیق تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھی کروائی جا رہی ہیں، بوگس اور جھوٹ پر مبنی شکایات پر سخت قانونی کارروائی بارے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب متاثرین کو دوسرے مرحلے میں امدادی رقوم تقسیم کرنے بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب تمام عمل کی ذاتی طور پر خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی کی حق تلفی اور ناانصافی نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں قائم ضلعی سکروٹنی کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیلاب متاثرین کی طرف سے آئی شکایات کی تصدیق کا عمل جلدازجلدمکمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فصلوں کے تباہ ہونے پر 10ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے متاثرین میں امدادی رقم تقسیم کر رہی ہے جبکہ جزوی متاثرہ گھر پر 40ہزار روپے اور مکمل تباہ ہونے والے گھر پر 80ہزار روپے فی خاندان مالی معاونت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غریب سیلاب متاثرہ خاندانوں میں اپنا روزگار شروع کرنے کیلئے 10ہزار روپے کی امدادبھی فراہم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :