وکلاء تنظیموں،مذہبی جماعتوں،سول سوسائٹی کے ارکان،سماجی کارکنان اور شہریوں کا عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے مظاہرہ

جمعرات 20 نومبر 2014 18:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) لاہور کے جی پی او چوک میں وکلاء تنظیموں،مذہبی جماعتوں،سول سوسائٹی کے ارکان،سماجی کارکنان اور شہریوں کا ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے زبردست مظاہرہ۔امریکی مظالم کے خلاف اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے شرکا ء کی زبردست نعرے بازی۔وزیر اعظم نواز شریف سے عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کے لئے اپنا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ۔

مظاہرہ کا اہتمام وکلا ء تنظیموں حرمت رسول لائرز موومنٹ اور الامہ لائرز فورم نے گستاخانہ فلموں اور خاکوں کے خلاف اپنے ہفتہ وار احتجاج کے موقع پر کیا تھا ۔مظاہرہ سے وکلا ء رہنماؤں جمیل احمد فیضی،چوہدری عبدالرؤف،راؤ طاہر شکیل کے علاوہ تحریک حرمت رسول کے رہنما علی عمران شاہین،سول سوسائٹی کے رہنما ممتاز اعوان،جے یو پی کے رہنماپیر اختر رسول قادری،ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے مولانا ممتاز اعوان،انجمن شہریان لاہورکے صدر شفیق قادری،چوہدری رحمت علی سوسائٹی کے صدر دارا قریشی ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مولانا عمر حیات و دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی عالم اسلام کی سب سے زیادہ پڑھی لکھی خاتون ،حافظہ قرآن اور دین کی عالمہ ہیں۔امریکہ نے انہیں صرف دین اسلام سے محبت کی سزا دی ہے۔امریکہ اور مغربی دنیا ایک طرف تو ملالہ پر انعامات کی بارش کر رہے ہیں کہ اس نے تعلیم کے فروغ کے لئے بہت کام کیا ہے لیکن وہ عالم اسلام کی سب سے پڑھی لکھی خاتون کو جونیوروکی سائنسدان بھی ہیں، 86سال کی بدترین قید سنا کر ان پر ظلم ڈھا رہا ہے۔

امریکہ ایک طرف تو سپر پاور ہونے کا دعویدار ہے لیکن دوسری طرف ایک نہتی و کمزور عورت سے تھر تھر کانپتا ہے۔مقررین نے کہا کہ حکومت و عوام پاکستان کو اپنی بہن کی رہائی کے لئے میدان میںآ نا ہو گا۔امریکہ نے اپنے شہری ریمنڈ ڈیوس جس نے دن دیہاڑے ساری دنیا کے سامنے 2پاکستانی قتل کئے تھے ،رہا کروا کر لے گیا لیکن ہم اپنی بے گناہ بہن جس نے کسی انسان کومعمولی گزند تک نہیں پہنچائی ،رہا کروانے کے لئے کچھ نہیں کر رہے۔

ہر مسلمان کی غیرت کا تقاضہ ہے کہ وہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے جدوجہد کرے۔مقررین کا کہنا تھا کہ مغرب میں اسلام میں مقبولیت پورے عروج پر ہے۔ان کامعاشرہ تیزی سے اسلام قبول کر رہا ہے ۔ان کے کچھ لوگ اسی بات سے بوکھلا کر اب اسلام پر رکیک حملے کر رہے ہیں۔مسلمان اپنے پیارے نبی محمد کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت کا دفاع پہلے بھی کرتے رہے ہیں ،آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔دنیا میں امن کے قیام کے لئے لازمی ہے کہ انبیاکرام  کا مکمل احترام کیا جائے اور عالمی ادارے اس کے لئے قانون سازی کریں۔

متعلقہ عنوان :