پاکستان سے عمرہ ، ورک اور وزٹ ویزے پر سعودی عرب جانے والے شہریوں کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے رجسٹریشن لازمی قرار دیدی گئی ، آئندہ حج سیزن میں پاکستانی عازمین حج پر بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے رجسٹریشن کی شرط لاگو ہوگی ، ریڈ اور بلیو پاسپورٹ ہولڈرز ، 70 سال سے زائد عمر افراد اور 12 سال سے کم بچے اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے ، وزٹ ویزا اپلائی کرنے والوں کیلئے 2780 روپے ، عمرہ زائرین کی رجسٹریشن فیس 500 روپے فی کس ہوگی

بائیو میٹرک رجسٹریشن کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی کے کنٹری ڈائریکٹر طارق الٰہیکی وزارت مذہبی امور کے حکام کو بریفنگ

جمعرات 20 نومبر 2014 17:35

پاکستان سے عمرہ ، ورک اور وزٹ ویزے پر سعودی عرب جانے والے شہریوں کیلئے ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء ) پاکستان سے عمرہ ، ورک اور وزٹ ویزے پر سعودی عرب جانے والے پاکستانی شہریوں کیلئے بائیو میٹرک سستم کے ذریعے رجسٹریشن لازمی قرار دیدی گئی ، آئندہ حج سیزن میں پاکستانی عازمین حج پر بھی بائیو میٹرک سستم کے ذریعے رجسٹریشن کی شرط لاگو ہوگی ، ریڈ اور بلیو پاسپورٹ ہولڈرز ، 70 سال سے زائد عمر افراد اور 12 سال سے کم بچے اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے ، وزٹ ویزا پلائی کرنے والوں کیلئے 2780 روپے جبکہ عمرہ زائرین کی رجسٹریشن فیس 500 روپے فی کس ہوگی ، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ بائیو میٹرک رجسٹریشن سعودی حکومت کی طرف سے لازمی قرار دی گئی ، اس نظام سے پاکستانی شہریوں کو سعودی امیگریشن میں سہولت ہوگی جبکہ سعودی حکومت کے سیکیورٹی کے حوالے سے اور فرار ہونے والے عمرہ زائرین کے حوالے سے تحفظات دور کرنے میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں وزارت مذہبی امور میں سعودی حکومت سے بائیو میٹرک رجسٹریشن کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی نجی کمپنی اعتماد نے وزارت مذہبی امور کے حکام کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار یوسف ، وزیر مملکت پیر امین الحسنات ، سیکرٹری مذہبی امور اور سعودی ویزا کونسلر شیخ ناصر سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام نے بریفنگ میں شرکت کی اور نئے نظام بارے سوالات کیے ۔

نجی کمپنی کے کنٹری ڈائریکٹر طارق الٰہی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی عرب سفر کرنے والے عام مسافروں اور عمرہ زائرین کی بائیو میٹرک رجسٹریشن کیلئے پورے ملک میں سہولت سنٹرز بنائیں گے ، اس وقت ملک میں 6 سہولت گھر موجود ہین جبکہ 5 مزید شہروں میں جلد سنٹرز قائم کردیئے جائیں گے ۔ اس نئے نظام سے سعودی عرب سفر کرنے والوں کو سہولیات حاصل ہوں گی ، سعودی امیگریشن حکام مسافر کی تمام تفصیلات سے پہلے ہی آگاہ ہوں گے ، مسافر کے فنگر پرنٹس کے ساتھ ہی اس کی تمام معلومات امیگریشن حکام کے سامنے آجائیں گی اور وہ قطار میں کھڑے رہنے کی بجائے 10 سیکنڈ میں کلیئر ہوجائے گا ۔

پاکستان اور سعودی امیگریشن کے پاس تمام مسافروں کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ موجود رہے گا جس سے غیر قانونی رہائش اختیار کرنے کی شکایات بھی کم ہوں گی ، انہوں نے کہا کہ وزٹ وزیزہ پر اپلائی کرنے والوں کیلئے 2780 اور عمرہ ویزا پر اپلائی کرنے والوں کی رجسٹریشن فیس 500 فی کس ہوگی ۔ اسلام آباد ، پشاور ، کراچی ، لاہور ، کوئٹہ اور ملتان میں رجسٹریشن کے مراکز قائم کردیئے گئے ہیں تاہم دیگر بْڑے شہروں میں 6 نئے مراکز جلد کھولے جائیں گے ۔

ایک گھنٹے میں 6 ہزار افراد کی بائیومیٹرک رجسٹریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں ، ضرورت پڑنے پر اس میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔

اس موقع پر سعودی وزیرا کونسلر نے آگاہ کیا کہ سرخ اور نیلے پاسپورٹ کے حامل افراد سمیت 70 سال سے زائد اور 12 سال سے کم عمر افراد بائیو میٹرک رجسٹریشن کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ ایک شادی والا ایک دفعہ جبکہ 4 چادیاں کرنے والا 4 دفعہ عمرہ کرسکتا ہے ۔

سعودی حکومت عمرہ ویزا کی کوئی فیس وصول نہیں کرتی ، پاکستانی حکام عمرہ آپریٹرز کی طرف سے 80 ہزار سے ایک لاکھ روپے ویزا فیس وصول کرنے کی شکایات کا فوری نوٹس لیں ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ بائیو میٹرک رجسٹریشن کے نظام سے پاکستانی شہریوں کو سہولیات حاصل ہوں گی جبکہ سعودی عرب کے سیکیورٹی تحفظات دور ہوں گے اور پاکستانی عمرہ زائرین کے غیر قانونی رہائش اختیار کرنے کی شکایات دور کرنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ نجی کمپنی کو اپنے رجسٹریشن سنٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایات کی گئی ہیں ، ہم نے انہیں کہا ہے کہ پاکستان کے ہر ڈویژن میں ایک رجسٹریشن سنٹر ضرور ہونا چاہیے ۔ نجی کمپنی اور وزارت کے حکام کے درمیان حج آپریشن کے دوران رجسٹریشن کا نظام متعارف کرانے کیلئے بات چیت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کے نٹری ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ ان کے پاس 20 موبائل رجسٹریشن سنٹرز موجود ہیں جو رش والے علاقوں میں گھوم کر رجسٹریشن کریں گے ۔