شرجیل انعام میمن کا عارف علوی اور نادر لغاری سے رابطہ ،لاڑکانہ جلسے بارے مکمل تعاون کی یقین دہانی

جمعرات 20 نومبر 2014 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عارف علوی اور سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری سے ٹیلی فون پر بات چیت کرکے انہیں 21 نومبر کو لاڑکانہ میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسہ سے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جلسہ کے موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے مکمل سیکورٹی کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے تحریک انصاف کو کسی بھی قسم کی درکار مدد کو سندھ حکومت انہیں فراہم کرے گی۔

صوبائی وزیر نے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے بات چیت کے دوران کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور وہ جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور سمجھتی ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنی سرگرمیوں کو آزادانہ طور پر انجام دینے کے لئے مدد فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان رہنماؤں کو اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ عمران خان کوسندھ حکومت فل پروف سیکورٹی فراہم کرے گی اور اس سلسلے میں انتظامیہ اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے ان رہنماؤں سے بات چیت کے دوران ان سے بھی انتظامیہ اور حکومت سے مکمل تعاون کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی قسم کی مدد درکار ہو تو لاڑکانہ کی انتظامیہ اور سندھ حکومت سے رابطہ کرکے مدد طلب کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :