حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘ کرنل (ر) شجاع خانزادہ

جمعرات 20 نومبر 2014 17:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء) صوبائی وزیر داخلہ و ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اورکئی ملکوں کے ساتھ سولر ، کوئلے اور دیگرذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں، وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے چین کے حالیہ دورے کے دوران 10400میگاواٹ توانائی کے معاہدے کئے گئے ہیں، پرائیویٹ شعبہ کو بھی اس شعبے میں آگے آنا ہوگا تاکہ ملک کو اندھیروں سے نکالا جاسکے، محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے لیپ ٹاپ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ غریب اور ہونہار طلبا کو وظائف بھی دے رہی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا میں پہلی بین الاقوامی کانفرنس آن بائیو انرجی کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفقت علی بیگ، بیرون ممالک سیآئے بائیو انرجی کے ماہرین، اساتذہ کرام اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ حکومت پنجاب بہاولپور میں سولر پارک قائم کررہی ہے۔

اس کے علاوہ کوئلہ اور گوبر سے بھی بجلی پیدا کرنے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چائنہ، ترکی،جرمنی اور دیگر ممالک کے سرمایہ کار توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوان کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں محمد شہباز شریف نے لاکھوں طلبا و طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ کے علاوہ ولر لیمپس بھی دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مالی رواں سال کے دوران بھی ایک لاکھ طلباء و طالبات کو نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں اور بچیوں کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ میٹرک کے بچوں کو پروگرام میں شامل کیاگیاہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ غریب اور ہونہار طلباء کو میرٹ پر وظائف دیئے جا رہے ہیں اور وہ پاکستان کے علاوہ بیرون ملک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ نوجوان سکالرز ملک کو درپیش توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ریسرچ پر بھرپور توجہ دیں اور اس کے متبادل طریقے تلاش کرنے میں حکومت کی مدد کریں- انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ ملک کو درپیش توانائی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے کانفرنسوں اور ورکشاپس کا انعقاد کریں تاکہ مل بیٹھ کر ان مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے-