وزیر اعظم نواز شریف جمہوری نظام کے تسلسل کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں،سینیٹر ایم حمزہ

جمعرات 20 نومبر 2014 16:31

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر ایم حمزہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کراچی کے امن، ملک میں توانائی کے بحران کے خاتمے اور جمہوری نظام کے تسلسل کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں․پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سینیٹر محمد حمزہ نے مسلم لیگ(ن) سندھ کے رہنما علی اکبر گجر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی و صنعتی شہر میں بھتہ وصولی کے واقعات کا جاری رہنا قابل مذمت ہے․ وفاقی اور صوبائی حکومت کی کوششوں سے شہر قائد میں جرائم کی وارداتوں میں نسبتا کمی دیکھنے میں آئی ہے لیکن بھتہ وصولی کے واقعات اب بھی موجود ہیں․وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کراچی کے حالات میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں اور قوم اس بات کا یقین رکھے کہ مرکزی اور صوبائی حکومت کی باہمی کوششوں اور تعاون سے کراچی سمیت سندھ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے بزرگ رہنما سینیٹر ایم حمزہ نے نجی دورے پر کراچی پہنچنے پر مسلم لیگ(ن) سندھ کے رہنما علی اکبر گجر کے ساتھ کراچی کے امن و امان کی صورتحال کی بابت خصوصی گفتگو کر تے ہوئے اس دعا اور خواہش کا اظہار کیا کہ کراچی میں بلا تا خیرمکمل امن بحال ہونا ضروری ہے کیونکہ کراچی پاکستان کی معیشت کا اہم ستون ہے ․سینیٹر ایم حمزہ نے پنجاب کے امن کے ساتھ موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ ان کے حلقے ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب بھر میں بھتہ جیسی کوئی وبا نہیں ہے․ سینیٹر ایم حمزہ نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کی وجہ سے بڑے مسائل پیدا ہو چکے ہیں لیکن وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے چین کے ساتھ توانائی کے جن منصوبوں کے معاہدے کئے ہیں مجھے یقین ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد دو تین سالوں میں پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا․ چین ہی کی مدد سے گواد ر تک شاہراہ کی تکمیل اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کی تعمیر و ترقی پاکستان کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی․ دوسری طرف چین کی مدد سے حکومت پنجاب نے چینی ماہرین کے تعاون سے ساہیوال اور چولستان میں شمسی توانائی کے منصوبوں کے لئے بھی پیش رفت کی ہے شمسی توانائی سے ہماری قومی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی شمسی توانائی کی پید اوار کا رجحان بڑھے گا کیونکہ پاکستان کے بیشتر علاقوں میں دن گرم اور طویل ہوتے ہیں جس کی وجہ سے شمسی توانائی کے حصول کی بہت گنجائش موجود ہے․ سینیٹر ایم حمزہ نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ ایک دن آئے گا کہ سولر سیل پاکستان میں بنائے جائیں گے جس سے نہ صرف ہمار ا زر مبادلہ بچے گا بلکہ ہم سولر سیل دوسرے ملکو ں کو فراہم کرنے کے قابل بھی ہو سکیں گے․ دھرنوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ایم حمزہ نے کہا کہ دھرنوں کے ذریعے وزیر اعظم کا استعفا طلب کرنا اپنی نوعیت کا نیا تجربہ اور ایجاد ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے․ حکومت کی تبدیلی کے آئینی ،قانونی اور مہذب راستے موجود ہیں اور وہی پاکستان کی جمہوریت اور جمہوری نظام کے لئے بہتر اور جمہوریت کی کامیابی کی ضمانت ہیں․ اسلام آباد کے دھرنوں کی وجہ سے جمہوری ادارے، جمہوریت، ملکی تعمیر و ترقی متاثر ہو رہی ہے اس لئے ان دھرنوں سے جس قدر جلد چھٹکارہ حاصل کرلیا جائے اتنا ہی اچھا ہے۔

(جاری ہے)

متعلقہ عنوان :