موجودہ حکومت توانائی بحران کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ، سلیم مانڈوی والا

جمعرات 20 نومبر 2014 15:50

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء )سابق وزیر مملکت برائے خزانہ و سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت توانائی بحران کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ، حکومت کے اعلیٰ عہدیدار ماسوائے اعدادوشمار پیش کرنے کے کچھ نہیں کررہے ،ان سے مسائل حل نہیں ہورہے ، عوام کو ریلیف دینے کیلئے بجلی کے بلوں میں کمی ہونی چاہیے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔

20نومبر 2014ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے بجلی کے بلوں کے نرخ کم کئے جائیں حکومت توانائی بحران کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے جو تاحال عالمی منڈی میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں پٹرول کی قیمتیں انتہائی کم ہونے کے باوجود بجلی کے بلوں میں واضح کمی نہیں کی گئی یہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے حکومت نے سترہ ماہ میں گیس بجلی بلوں کے ٹیرف بڑھانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی کمیٹی کا اجلاس یا قومی اسمبلی یا سینٹ کا اجلاس ہو تو اراکین پر دباؤ ہوتا ہے کہ وہ عوامی شکایات کو حل کریں کیونکہ وہ عوامی نمائندے ہیں جب کسی اجلاس میں یا کمیٹی کی میٹنگ میں کسی کی بدعنوانی یا کرپشن کو ظاہر کیا جاتا ہے تو متعلقہ ادارے یا وزارت کو اس پر سخت ایکشن لینا چاہیے ہمارا کام ہدایت دینا ہے وہ ہم دے رہے ہیں ایسے لوگوں کا راستہ روکنا چاہیے اور ان کو سزا بھی ملنی چاہیے جو عہدے اورمراعات کا غلط استعمال کرتے ہیں سزا ملنے سے کرپٹ افراد ٹھیک ہوجائینگے اگر ملک میں قانون پر عملدرآمد نہیں ہوگا تو اصلاح کیسے ہوگی انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مصدق ملک کو حکومت نے باتیں کرنے کیلئے رکھا ہوا ہے وہ اس کے علاوہ کچھ نہیں کرتے حکومت بجلی گیس کے نرخ کم کریں عوام کو بجلی گیس ملتی ہی نہیں انہیں بھاری بل جمع کرانے کیلئے بھیج دیئے جاتے ہیں عوام کو کارکردگی کے بغیر مطمئن نہیں کیا جاسکتا