دہشت گردوں کے خاتمے تک ان کیخلاف بلاتفریق آپریشن جاری رہے گا؛پاکستان،معاشرتی عدم مساوات، غربت، بیروزگاری سمیت دیگر مسائل نے دہشت گردی کو ہوا دی؛ترجمان دفترخارجہ

جمعرات 20 نومبر 2014 14:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء)پاکستان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف بلاتفریق آپریشن ان کے خاتمے تک جاری رہے گا،معاشرتی عدم مساوات، غربت، بیروزگاری سمیت دیگر مسائل نے دہشت گردی کو ہوا دی۔ جمعرات کوہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف 26 اور27 نومبر کو سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم کی سیکورٹی اور پروٹوکول کی ذمہ داری ہم خود اٹھائیں گے، کسی دوسرے ملک کی گاڑی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کے سیکورٹی سٹاف نے کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی بھارتی ہم منصب کے ساتھ ملاقات طے نہیں۔ وزیراعظم کی صرف میزبان ملک کی قیادت سے ملاقاتیں طے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے 55 ہزار سے زائد شہری شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن ان کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف معاشرتی عدم مساوات نہیں بلکہ غربت بیروزگاری سمیت دیگر مسائل نے بھی دہشت گردی کو ہوا دی۔ تسنیم اسلم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا اورہم نے مبصرین کو بھارتی جارحیت سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کروایا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے منظم حملے نہیں ہوئے۔