Live Updates

عمران خان کے الزامات ‘ نواز شریف نے کبھی عمران خان کی ذاتی زندگی پر کوئی رائے نہیں دی ‘ وزیر اطلاعات پرویز رشید

جمعرات 20 نومبر 2014 13:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے روزانہ شریف برادران کی کردار کشی کی جاتی ہے ‘ وزیر اعظم نے کبھی عمران خان کی ذاتی زندگی پر کوئی رائے نہیں دی ‘ ریاستی اداروں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان کی جانب سے روزانہ شریف برادران کی کردار کشی کی جاتی ہے وزیر اعظم نے آ ج تک نہ تو کبھی اس پر جواب دیا اور نہ ہی کبھی عمران خان کی ذاتی زندگی پر کوئی رائے دی مگر اس کے باوجود تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے شریف برادران پر الزامات کا سلسلہ افسوسناک ہے۔

پرویز رشید نے کہاکہ شریف برادران کے اخلاق اور کردار کی تعریف تو ان کے مخالفین بھی کرتے ہیں اور میں اس بات کا گواہ ہوں کہ متعدد بار اکسائے جانے کے باوجود انہوں نے عمران خان کی ذاتی زندگی پر کبھی انگلی نہیں اٹھائی۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ ریاستی اداروں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف پر اعتماد نہیں کرتی اور اگر ضروری ہوا تو مظاہرین کو مظاہروں سے رو ک دیا جائے گا کیونکہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک دونوں نے ماضی میں ریڈلائن عبور کرکے اپنے تحریری معاہدوں کی خلاف ورزی کی۔پرویز رشید نے کہا کہ اگر عوامی تحریک کے کارکن پی ٹی وی پر حملے میں ملوث نہیں تھے تو طاہر القادری نے واقعے کے بعد مبارکباد کیوں دی اور فتح کا نشان بنایا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دھرنوں کی ناکامی سے لاشوں کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لگائے ہوئے الزامات کی تحقیقات کیلئے قائم کیا گیا عدالتی کمیشن اس میں کوئی اور رکن شامل کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گا ۔حکومت کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے ججوں کے سوا کسی اور رکن کو کمیشن میں شامل کرے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات