کراچی، پولیس اور رینجرز کی کاروائی ، کالعدم تنظیم کے مطلوب ملزم قاری عبدالرحیم اور گینگ وار کے کارندوں سمیت پانچ ملزم مارے گئے، تین بھتہ خور گرفتار

جمعرات 20 نومبر 2014 12:21

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء ) کراچی میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے مطلوب ملزم قاری عبدالرحیم اور گینگ وار کے کارندوں سمیت پانچ ملزم مارے گئے، تین بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ شہر قائد کے علاقے گلشن بونیر میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے اہم کارندے قاری عبدالرحیم کو ہلاک کر دیا۔

ملزم ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ سمیت بم دھماکوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ حکومت سندھ نے قاری عبدالرحیم کے سر کی قیمت 15 لاکھ رو پے مقرر کر رکھی تھی۔ دوسری جانب لیاری کے علاقوں چاکیواڑہ اور محمود شاہ روڈ پر پولیس اور رینجرز سے مقابلوں میں دو ملزم مارے گئے جن کا تعلق بابا لاڈلا گروپ سے بتایا جاتا ہے جو قتل اور بھتہ خوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

نیپئر میں لوٹ مار کرنے والے ملزمان اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ اسٹیل ٹاوٴن میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم ہلاک جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ نیو کراچی میں رینجرز نے ایک کارروائی کے دوران تین بھتہ خوروں عامر، طاہر اور صدام کو گرفتار کر لیا۔

متعلقہ عنوان :