سرگودھا ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں مزید 4 نومولود دم توڑ گئے،جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد12 ہو گئی

ہلاکتیں انکیوبیٹرز کی کمی کے باعث ہوئیں،لواحقین ، ایم ایس نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی

جمعرات 20 نومبر 2014 12:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء )سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں مزید 4 نومولود دم توڑ گئے،جاں بحق ہونیوالے بچوں کی تعداد12 ہو گئی،لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ ہلاکتیں انکیوبیٹرز کی کمی کے باعث ہوئیں، ایم ایس نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ سرگودھا کے ہسپتال میں معصوم کلیاں کھلنے سے پہلے ہی مرجھانے لگیں۔ نومولود بچوں کی اموات پر لواحقین سراپا احتجاج بن گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگایا ہے کہ اموات انکوبیٹرز کی کمی کے باعث ہوئیں۔ہسپتال میں ساٹھ بچے داخل تھے جبکہ انکوبیٹرز کی تعداد صرف پانچ تھی۔ سرگودھا میں زچگی کیلئے واحد سرکاری ہسپتال ہے جہاں بچوں کیلئے نرسری وارڈ ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے بچوں کو آدھا کلومیٹر دور ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں منتقل کیا جاتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں نرسری تو موجود ہے لیکن خواتین وارڈ نہیں۔ اس افسوسناک صورتحال کے باعث گزشتہ برس بھی ایک سو اکاون بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔