بھارت، ہریانہ میں ہندو گرو رام پال کے آشرم سے بابا رام پال کو گرفتار کر لیا گیا

بدھ 19 نومبر 2014 23:32

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19نومبر۔2014ء) بھارت کی ریاست ہریانہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ ہندو گرو رام پال کے آشرم سے بابا رام پال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔بابا رام پال کی گرفتاری کی تصدیق پولیس کے ڈی ایس پی ونود کمار نے کی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پولیس ایک ایمبولینس میں رام پال کو چندی گڑھ لے گئی جہاں سب سے پہلے ان کا طبی معائنہ ہوگا۔

ہریانہ پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مشترکہ کارروائی میں رام پال کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق پولیس انسانی زنجیر بنا کر آشرم کے اندر پہنچی اور رام پال کو پکڑنے میں کامیاب ہوئی۔’آشرم کے گرد اب پولیس کافی تعداد میں موجود ہے۔ پولیس کی کئی گاڑیاں آشرم کے سامنے سڑک پر موجود ہیں۔‘رام پال ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے کارروائی کر کے آشرم سے ہزاروں کی تعداد میں رام پال کے حامیوں کو ہٹایا۔رام پال نامی خود ساختہ گرو عدالت میں سنہ 2006 میں ہونے والے ایک قتل اور عدالت کی توہین کے معاملات میں مطلوب ہیں۔ ان کے ہزاروں بھگت ان کے آشرم میں ان کی حفاظت پر مامور ہیں۔رام پال ان الزامات کی تردید کرتے ہیں اور ضمانت پر ہیں تاہم بار بار عدالت میں حاضر نہ ہونے کی وجہ سے وہ توہینِ عدالت کے الزام میں مطلوب ہیں۔

خیال رہے کہ عدالت نے ہریانہ کے ڈی جی پی اور ہوم سیکریٹری کو 17 نومبر تک رام پال کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن سنت رام پال اس دن بھی پیش نہیں ہوئے جس کے بعد عدالت نے 21 نومبر تک پولیس کو انھیں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔اس سے قبل منگل کو پولیس نے رام پال کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو دارالحکومت دہلی سے شمال مشرق میں 170 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ست لوک آشرم کے قریب پولیس اور گرو کے حامیوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں حکام کے مطابق چھ افراد ہلاک اور تقریباً 200 افراد زخمی بھی ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :