خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس، بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پھانسی اور سزائیں دینے کیخلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور

بدھ 19 نومبر 2014 23:26

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء) خیبرپختونخوا اسمبلی نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پھانسی اور سزائیں دینے کیخلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کرلی ہے،خیبرپختونخوااسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت شرو ع ہوااجلاس کے دوران جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولا نا مفتی فضل غفور نے تحریک التوا پیش کی جس میں ان کا کہناتھا کہ محکمہ صحت کو بعض اضلاع میں مرلن این جی او کے حوالے کیا گیا ہے تاہم اس پر بحث نہ ہوسکی، اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی رشاد خان کا کہناتھا کہ ضلع شانگلہ میں بیشتر گورنمنٹ سکول زلزلہ اور سیلاب کے باعث تباہ ہو چکے ہیں اور تاحال حکومت انہیں دوبارہ تعمیر کرنے میں ناکام رہی،صوبائی وزیرتعلیم نے بھی سکول تعمیر نہ کرنے کااعتراف کرلیا اورکہا کہ اگر علاقے کے لوگ سکول کے لئے زمین فراہم کریں تو حکومت اس پر سکول بنا ئے گی ان کا کہناتھا کہ زلزلہ کے تباہ ہو نے والے 760سکولوں کیلئے بجٹ رکھا گیا اور بہت جلد انہیں دوبارہ بنایا جائے گا اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے رہنما محمد علی نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پھانسی اور سزائیں دینے کیخلاف قراداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا اجلاس میں پختونخوا سینئر سٹیزن بل بھی منظور کیا گیا بعدازاں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر تک ملتوی کردیا گیا۔