کسی میں جرآت ہے تو آکر گرفتار کر لے،دفاع کرنا جانتے ہیں،حکومت کسی بھول میں نہ رہے،23نومبر کا جلسہ ہر صورت ہو گا،چوہدری فیاض وڑائچ

جمعہ 14 نومبر 2014 23:30

بھکر( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء) کسی میں جرآت ہے تو آکر گرفتار کر لے،دفاع کرنا جانتے ہیں،حکومت کسی بھول میں نہ رہے،23نومبر کا جلسہ ہر صورت ہو گا،ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے سیکرٹری جنرل چوہدری فیاض وڑائچ نے بھکر آمد کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چوہدری فیاض وڑائچ کا کہنا تھا کہ بھکر کی ضلعی انتظامیہ کوئی بھی انتقامی کارروائی کرنے سے پہلے ذہن میں رکھے کہ ہم کوئی چھانگا مانگا کی پارٹی نہیں ہیں کہ جن کی آواز کو دبایا جا سکے۔

ہم ڈرنے والے یا جھکنے والے نہیں ہیں۔شریف بردران ہمیشہ پولیس کو اپنے ذاتی ملازمین کی طرح استعمال کرتے ہیں۔وہ وقت گذر گیا جب پولیس اہلکار قاتلِ اعلیٰ کے کہنے پر جعلی پولیس مقابلوں میں بے گناہ لوگوں کو قتل کر دیتے تھے اور ان کا احتساب نہیں ہوتا تھا اب ہر ہر ظلم اور زیادتی کا حساب ہوگا۔

(جاری ہے)

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس کے درندوں کو تختہ دار تک پہنچائیں گے اور ایسا عبرت کا نشان بنائیں گے کہ آئندہ کوئی کالی وردی والا شریف خاندان کے کہنے پر کسی بے گناہ کا قتل نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری 23نومبر کو بھکر آئیں گے تو ان کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا نواز ،شہباز کو کلین چٹ دینے والی حکومتی JITمسترد کرتے ہیں ۔ اس حوالے سے حکومت نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔رابطوں کے حوالے سے مسلسل جھوٹ بولا جا رہا ہے ۔ایسی JIT کو تسلیم نہیں کرینگے جسکا سربراہ ہماری مرضی کا نہیں ہوگا اور جس میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے شامل نہیں ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عبدالرزاق چیمہ کا نام بھی ہم نے مسترد کر دیا تھا ۔پولیس نے سارا ظلم کیا وہ غیر جانبدار کیسے رہ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے پہلے بھی جے آئی ٹی بنائی تھی جسے قوم نے مسترد کر دیا تھا ہمیں ایسی جے آئی ٹی چاہیے جس پر شہداء کے ورثاء اور ہمیں اعتماد ہو،تفتیش کے نام پر حکومت ڈرامے کررہی ہے، انہیں 14شہداء کا خون ہضم نہیں کرنے دینگے، ہمارے مطالبہ کے برعکس انہوں نے دونوں حساس ایجنسیوں کے نمائندوں کو شامل نہیں کیا، ہم واضح کر چکے ہیں کہ جے آئی ٹی کا سربراہ کے پی کے کے غیر جانبدار صوبے سے لیا جائے، یہ جے آئی ٹی نواز شریف اور شہباز شریف کی جان خلاصی کروانے کیلئے تشکیل دی گئی ہے۔

اس موقع پر محمد جمعہ خان،حکیم ارشد علی خان،ضمیر مصطفوی،فیضان قریشی،ندیم گھمن،حسن محی الدین اور عدیل ارشد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :