پشاور ،افغان قونصل جنرل سید محمد ابراہیم خیل کا افغانستان میں گمرک چیک پوسٹ پر پاکستان کے مقابلے میں 3گنا زیادہ ٹیکس وصول کرنے کا نوٹس

جمعہ 14 نومبر 2014 23:30

پشاور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء) افغان قونصل جنرل پشاور سید محمد ابراہیم خیل نے افغانستان میں گمرک چیک پوسٹ پر پاکستان کے مقابلے میں 3گنا زیادہ ٹیکس وصول کرنے کا نوٹس لے لیا اور خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو یقین دلایا کہ جو کمیشن ایجنٹ فریش فروٹ اور سبزیوں کے ٹرکوں پرمن مانے محصول وصول کر رہے ہیں ان کے خلاف افغان حکومت سخت ایکشن لے گی ۔

افغانستان کے امپورٹرز اور پاکستانی ایکسپورٹرز کی مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کی جائیں گی ۔ یہ یقین دہانی انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق کی سربراہی میں خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عروج احمد انصاری  نائب صدر حاجی اقبال خان  پاکستان افغانستان جائنٹ چیمبر کے ڈائریکٹر ضیاء الحق سرحدی  حاجی محمد عمر  حاجی محمد ابراہیم  حاجی ہمایون امتیاز احمد  حاجی نور الحق  حاجی وہاب  سلطان عزیز اور فریش فروٹ کے تاجروں پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کرائی جنہوں نے ان سے افغان قونصلیٹ پشاور میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرافغان ٹریڈ کمشنر میر واصف یوسفزئی بھی موجود تھے ۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق نے افغان قونصل جنرل کو بتایا کہ افغانستان سے پاکستان آنیوالے فریش فروٹ پر فی ٹرک 90 ہزار سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں افغانستان میں گمرک پر فریش فروٹ کے ٹرکوں پر 3لاکھ 60 ہزار تک محصول وصول کیا جا رہا ہے جس سے فریش فروٹ اور سبزیوں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت پاکستان کی طرز پر ایک سال کے لئے کسٹمز ٹیرف مقرر کرے اور گمرک پر موجود کسٹمز حکام سے ٹیرف کو تبدیل کرنے کے اختیارات واپس لئے جائیں اور جو افراد من مانے ٹیکس وصول کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے فریش فروٹ اور سبزیوں کے کاروبار سے وابستہ افراد افغانستان کے ساتھ تجارت کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن اس قسم کے اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی عمل متاثر ہو رہا ہے ۔

افغان قونصل جنرل پشاور سید محمد ابراہیم خیل نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق کی جانب سے پیش کردہ مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں افغان وزارت خزانہ اور کسٹمز حکام سے موثر انداز میں بات چیت کریں گے ۔ انہوں نے افغانستان میں گمرک میں پاکستان کے مقابلے میں 3گنا زیادہ محصول وصول کرنے کا نوٹس لیا اور خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو یقین دلایا کہ جو اہلکار اور کمیشن ایجنٹ فریش فروٹ اور سبزیوں کے ٹرکوں پرمن مانے محصول وصول کر رہے ہیں ان کے خلاف افغان حکومت سخت ایکشن لے گی ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے امپورٹرز اور پاکستانی ایکسپورٹرز کی مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :