پاکستان ریلویز اور این ایل سی میں 10 لوکوموٹیوزکی لیز کا معاہدہ، ملکی تعمیر و ترقی کے نئے باب کا آغاز ہے‘ خواجہ سعد رفیق

جمعہ 14 نومبر 2014 23:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز اور این ایل سی میں 10 لوکوموٹیوزکی لیز کا معاہدہ، ملکی تعمیر و ترقی کے نئے باب کا آغاز ہے، ریلویز اور این ایل سی مزید مشترکہ منصوبوں پر بھی کام کریں گے جس سے ملک میں باربرداری اور نقل و حمل کی آسان، سستی اور تیز رفتار سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

وہ ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پاکستان ریلویز اور این ایل سی میں 10 لوکوموٹیوز کی 12سالہ لیز کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل این ایل سی میجر جنرل اصغر نواز اور جنرل منیجر ریلویز محمد جاوید انور نے معاہدے پر دستخط کئے۔ لیفٹیننٹ جنرل نجیب اللہ نیازی کوارٹر ماسٹر جنرل پاکستان آرمی / آفیسر انچارج این ایل سی اور محترمہ پروین آغا چیئرپرسن پاکستان ریلویز سمیت اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک و قوم کے لیے این ایل سی کی مایہ ناز خدمات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ لاہور میں اعلیٰ معیار کی سڑکوں کی تعمیر میں بھی این ایل سی کا اہم کردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ این ایل سی اور ریلویز کا ایجنڈا پاکستان کو عظیم تر بنانے اور اِسے اقوامِ عالم میں نمایاں مقام دلانے کے سوا کچھ نہیں۔ جنرل منیجر ریلویز جاوید انور نے کہا کہ ریلویز اور این ایل سی میں یہ معاہدہ پبلک سیکٹر کے دواداروں میں باہم تعاون اور اشتراک کی عمدہ مثال ہے۔ یہ دونوں ادارے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مختلف محکموں میں صحت مند مسابقت کے ساتھ باہم تعاون اور اشتراک بھی ضروری ہے اور یہ معاہدہ اسی کا عملی اظہار ہے۔

متعلقہ عنوان :