سندھ ہائی کورٹ،وبائی امراض کی روک تھام نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری کو نوٹس جاری

جمعہ 14 نومبر 2014 16:51

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے خسرہ ،امبولا اور بچوں میں دیگر وبائی امراض کی روک تھام نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری صحت کو نوٹس جاری کردیئے ۔کیس کی سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس شاہنواز طارق پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔درخواست گذار ذوالفقار لنگاہ کے وکیل بیرسٹر محمد واوڈا نے موقف اختیار کیا تھا کہ عدالت عالیہ سندھ نے حکم جاری کیا تھا کہ حکومت خسرہ ،امبولا اور بچوں میں پھیلنے والے وبائی امراض کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم اور ویجیلنس کمیٹی تشکیل دی جائے ۔

دو ماہ گذر جانے کے باوجود حکومت کی جانب سے ان وبائی امراض کی روک تھام کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری سندھ ،سیکرٹری صحت اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5دسمبر تک جواب طلب کرلیا ۔واضح رہے کہ درخواست گذار ذوالفقار لنگاہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ ،سجاول اور دیگر میں بچوں میں خسرہ سمیت دیگر امراض پھیل چکے ہیں ،جس کی وجہ سے دو سال میں ڈھائی سو سے زائد بچوں جاں بحق ہوچکے ہیں ۔سندھ ہائی کورٹ نے صوبے آگاہی مہم شروع کرنے کا حکم دیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :