پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات علاقائی استحکام کیلئے انتہائی ناگزیر ہیں، رچرڈ اولسن

بدھ 12 نومبر 2014 13:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12نومبر 2014ء) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات علاقائی استحکام اور باالخصوص امریکی شہریوں کے خوشحال مستقبل کیلئے انتہائی ناگزیر ہیں‘ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے‘ ایک مستحکم افغانستان ہی جنوبی اور وسطی ایشیاء میں معاشی ترقی کیلئے سازگار ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے دورے کے دوران طالبعلموں اور اساتذہ کیساتھ ایک مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز نسٹ کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد اصغر کے شکریہ کیساتھ کیا جنہوں نے انہیں تقریب میں بلایا اور علمی تبادلہ خیال کیا اور امریکی اداروں کیساتھ روابط میں عانت کی۔

(جاری ہے)

رچرڈ اولسن نے اپنے خطاب میں علاقائی استحکام اور خوشحالی کیلئے امریکہ‘ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ دونوں ملکوں (امریکہ اور پاکستان) کے درمیان مضبوط تعلقات کا استوار ہونا علاقائی استحکام اور ہمارے شہریوں کے خوشحال مستقبل کے حصول کیلئے انتہائی اہم ہے۔ علاقائی استحکام اور خوشحالی حاصل کرنے کیلئے درکار لوازمات میں سے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کا قیام ہے۔

امریکی سفیر نے افغانستان کو پائیدار سلامتی‘ معاشی اور سیاسی امداد فراہم کرنے اور اس کی مسلسل کامیابی کیلئے علاقائی کوششوں کی غرض سے افغان حکومت اور نیٹو کے درمیان ”دیرپا اشتراک کا اعلامیہ“ کے نتائج کا ذکر کیا جس پر 2010ء میں دستخط ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ”تیزی سے مستحکم ہوتا ہوا افغانستان جو اپنی ہمسائیوں کیساتھ پرامن اور مفید تعلقات رکھتا ہو‘ انتہاء پسندی کیخلاف ایک موثر حلیف ثابت ہوگا۔

ایک مستحکم افغانستان جنوبی اور وسطی ایشیاء میں معاشی ترقی کیلئے بھی سازگار ہوگا۔ رچرڈ اولسن نے اس موقع کو بھی اجاگر کیا جس سے فائدہ اٹھا کر امریکہ اور پاکستان مستقبل کے واقعات کو مثبت راہ پر ڈال سکتے ہیں اور افغانستان کو ایک زیادہ روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کیساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی پاکستانی کوششوں کو جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کی اور مزید کہا کہ سلامتی‘ تجارتی و معاشی تعلقات‘ تعمیر نو و بحالی اور علاقائی تعاون ایسے معاملات پر مل کرکام کرنے کی مزید ضرورت ہے۔

انہوں نے پاکستان اور خطے کیساتھ امریکہ کے دیرپا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنے تعلقات کو برقرار رکھے گا۔ ہم افغانستان‘ پاکستان اور خطے میں اپنے کردار کو اپنا دیرپا عزم سمجھتے ہیں جو ہمارے اپنے اور خطے کے ملکوں کے قومی سلامتی کے مفاد میں ہے۔ رچرڈ اولسن نے اپنی تقریر کا اختتام نسٹ کے طالبعلموں کو پاکستان کا ایک زیادہ مستحکم اور محفوظ مستقبل تعمیر کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس اب ایک بہتر مستقبل کا انتخاب کرنے اور ماضی کے اختلافات کو ایک طرف رکھنے کا موقع ہے۔