مٹھی میں قحط سالی کے باعث دوجڑواں بہن بھائی سمیت مزیدتین بچے دم توڑ گئے

منگل 11 نومبر 2014 13:20

مٹھی میں قحط سالی کے باعث دوجڑواں بہن بھائی سمیت مزیدتین بچے دم توڑ ..

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 11نومبر 2014ء) تھرمیں غذائی قلت کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے منگل کو بھی مٹھی کے سول ہسپتال میں غذائی قلت کے باعث دوجڑواں بہن بھائی سمیت تین مزیدنومولود دم توڑ گئے جس کے نتیجے میں 42 روز کے دوران جاں بحق بچوں کی تعداد 63 ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق ضلع تھرپارکر کی تحصیل مٹھی کے سول اسپتال میں دودن پہلے پیداہونے والے جڑواں بہن بھائی انتقال کرگئے ۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق جڑواں بہن بھائی دودن پہلے ہی پیداہوئے تھے جوکہ غذائی قلت کے باعث گزشتہ شب انتقال کرگئے ۔ادھرمٹھی ہی کے سول ہسپتال میں ایک اور نومولود جاں بحق ہوگیا ہسپتال میں اب بھی 52 بچے زیر علاج ہیں۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ہلاکتوں کے اس سلسلے کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات ناکافی ہیں ہسپتال میں زیر علاج 2 بچوں کو تشویش ناک حالت میں حیدرآباد ریفر کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے 31 اکتوبر تک ضلع تھرپارکر میں غذائی قلت کے شکار 410 بچے سرکاری اسپتالوں میں ہلاک ہوئے جبکہ سول ہسپتال مٹھی میں 10 ماہ کے دوران 318 بچے، تحصیل ہسپتال ڈیپلو میں 17، چھاچھرو میں 51، تحصیل اسپتال ننگر پارکر میں 19 اور بنیادی مرکز صحت اسلام کوٹ میں 5 بچے موت کی وادی میں جا پہنچے۔رپورٹ کے مطابق قحط سالی کے باعث ہلاک ہونے والے 5 سال سے کم عمر بچوں کی تعداد 238 ہے جبکہ 5 سال سے زائد عمرکے 172 بچے غذائی قلت کا شکار بن کردنیا سے کوچ کر گئے۔

متعلقہ عنوان :