Live Updates

عمران خان جھوٹے اور مکار حکمرانوں پر سوچ سمجھ کر اعتبار کریں‘ ڈاکٹر طاہر القادری

پیر 10 نومبر 2014 17:08

عمران خان جھوٹے اور مکار حکمرانوں پر سوچ سمجھ کر اعتبار کریں‘ ڈاکٹر ..

ٹیکساس/لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10نومبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹے اور مکار حکمرانوں پر سوچ سمجھ کر اعتبار کریں، جوڈیشل کمیشن بنانا اور پھر ان کی رپورٹس کو تسلیم نہ کرنا ان کیلئے معمول کی بات ہے ، ان حکمرانوں کی کوئی کریڈیبلٹی نہیں، اسی لیے ہم نے انکی کسی یقین دہانی پر دھرنا ختم کرنے کی بجائے از خود فیصلہ کے تحت دھرنے کا دائرہ ملک بھر تک پھیلایا اور اب عوامی دباؤ کے ذریعے انہیں آئین، قانون، انصاف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکر دینگے، 30اور 31اگست کی رات ریاستی اداروں نے جو زہریلی گیس کی شیلنگ کی میرے سمیت ہمارے ہزاروں کارکن ابھی تک اس کے مضر اثرات سے باہر نہیں نکل سکے ،ان تکلیفوں کی کوئی پرواہ نہیں، انقلاب کو اس کی منزل تک پہنچائینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ریاست ٹیکساس میں اپنے تین روزہ کنونشنز کے آخری روز پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جنوری 2013 کے لانگ مارچ میں بھی اس وقت کے حکمرانوں نے انتخابی اصلاحات ،آئین کی عملداری اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے ضمن میں جو تحریری معاہدہ کیا تھا اس سے وہ منحرف ہو گئے تھے، اس تلخ تجربہ کو سامنے رکھتے ہوئے حکمرانوں کی آئندہ کسی کٹمنٹ پر اعتماد نہ کرنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے اور اپنا مقدمہ براہ راست عوام کی عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے پرتپاک استقبال اور کنونشنز میں بھرپور شرکت پر نیویارک، ڈیلاس اور ہیوسٹن میں مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دل وطن کیلئے مقامی شہریوں سے زیادہ دھڑکتے ہیں، پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد اندرون،بیرون ملک رہنے والے ہر پاکستانی کو ایک پرامن اور آئین و قانون کی بالادستی والے ملک کا تحفہ دینے کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ کر کے منحرف ہو گئے، یہ حق اب ہم دلوائیں گے، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی زرمبادلہ کی فراہمی، سیلاب، زلزلوں میں ہمیشہ سب سے آگے ہوتے ہیں اب ان کا کسی کو استحصال نہیں کرنے دینگے۔ میں اب مستقل طور پر پاکستان میں رہائش اختیار کر چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 55سال علمی، فکری،اخلاقی تربیت کے حوالے سے اہل وطن کی خدمت کی،8 سال کینیڈا میں رہ کر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت کی، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کا کامیابی کے ساتھ مقدمہ لڑا، ان 8سالوں میں پاکستان آنا جانا رہا، اب کبھی کبھی بیرون ملک آنا جانا رہے گا، میں نے انقلاب کی جدوجہد شروع کرنے کی جو ذمہ داری قبول کی ہے اسے منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آئین کا آڑٹیکل 3 ہر طرح کے استحصال کے خاتمہ کی گارنٹی دیتا ہے مگر حکمران وی وی آئی پی کلچر کے ذریعے شہریوں کا استحصال اور تذلیل کرتے ہیں ، اپنی گاڑیوں کے قافلے گزارنے کیلئے سڑکیں بند کرتے ہیں، اپنے نااہل عزیز و اقارب کو اعلیٰ عہدوں پر فائز کرتے ہیں جس کی سزا عوام، ملک اور خزانے کو مل رہی ہے اور ملک قرضوں کی چکی میں پس رہا ہے مگر ان بے رحم حکمرانوں کو کوئی ترس بھی نہیں آتا، اب ووٹ کی طاقت سے ان کے سیاسی وجود کا خاتمہ کرینگے ، انقلاب مایوسی کے اندھیروں میں امید کی کرن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وی آئی پی کلچرختم کرنے کیلئے نئی قانون سازی کی ضرورت نہیں ہے صرف آئین کا آرٹیکل 3 نافذ کر دیا جائے تو وی آئی کلچر ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ لیکر آنے والی نام نہاد جمہوری حکومتیں خاندانی راج قائم کرلیتی ہیں اسی لیے عوام انتخابات کے چند ماہ بعد ہی تبدیلی ، خاتمہ کی تحریک شروع کر دیتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :