Live Updates

عمران خان دعوے کے مطابق 15 یا 20 منٹ کے اندر وزیراعظم ،وزیراعلیٰ پنجاب اور حمزہ شہباز کے علیحدہ علیحدہ 3 ہیلی کاپٹرز پر اسلام آباد آنے او لاہور جانے کا الزام سچ ثابت کردیں تو وزارت ہی کیا اسمبلی نشست بھی چھوڑ دوں گا،ی عابد شیر علی

بصورت دیگراپنے گریبان میں جھانکتے ہوئے عمران خان قوم سے معافی مانگ کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑنے کا اعلان کریں،بیان

اتوار 9 نومبر 2014 00:08

عمران خان دعوے کے مطابق 15 یا 20 منٹ کے اندر وزیراعظم ،وزیراعلیٰ پنجاب ..

راولپنڈی،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9نومبر۔2014ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے دعوے کے مطابق 15 یا 20 منٹ کے اندراندر وزیراعظم نواز شریف،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کے علیحدہ علیحدہ 3 ہیلی کاپٹروں پر اسلام آباد ائیر پورٹ آنے اور 3 جیٹ طیاروں میں علیحدہ علیحدہ لاہور جانے کا الزام سچ ثابت کردیں تو وزارت ہی کیا اسمبلی نشست بھی چھوڑ دوں گا بصورت دیگراپنے گریبان میں جھانکتے ہوئے عمران خان قوم سے معافی مانگ کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑنے کا اعلان کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان جلسہ میں شریف فیملی پر لگائے گئے الزامات اور عمران خان کے تقریر پر اپنے ردعمل میں کیا،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشنل کمیشن کے قیام کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا اب عمران خان کو ثبوتوں کے ساتھ لگائے گئے الزامات کو ثابت کرنا ہوگا کہ میاں نواز شریف نے کیسے دھاندلی کرائی؟ ،انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی بھی ایک حد ہوتی ہے،عمران خان بدتہذیبی،بداخلاقی اور دروغ گوئی کی تمام حدیں پار کرتے جارہے ہیں،30 نومبر کی نئی دھمکی اور نئے انتخابات کی پیشین گوئی بھی سابقہ دھمکیوں اور پیشین گوئیوں کی طرح کارگر اور سچ ثابت نہیں ہونگی،قوم نے دیکھ لیا امپائر کے انگلی اٹھانے کی بات غلط نکلی ،انہوں نے کہا کہ جس شخص کو اپنے ملک کے صدر کا نام ہی نہ آتا ہو ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایماندارقرار دے اور اپنے ملک کے وزیراعظم کی ذات پرحسد میں کیچڑ اچھالتا ہو ایسا شخص کس طرح پاکستان کا وزیراعظم بن سکتا ہے؟۔

(جاری ہے)

ایسے شخص کو تو کسی یونین کونسل کا کونسلر بھی منتخب نہیں ہونا چاہیئے،انہوں نے کہا کہ عمران خان کوبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی وکالت کرتے ہوئے پاکستان کی مخالفت زیب نہیں دیتی،انہیں شرم آنی چاہیئے،چائنہ کے صدر سمیت دیگر ممالک کے سربراہان کا پاکستان کا دورہ منسوخ کراکر عمران خان نے کوئی اچھا کام نہیں کیا،آج تحریک انصاف کو ملنے والے 77 لاکھ ووٹرز باالخصوص میانوالی اور راولپنڈی کے وہ ووٹر جنہوں نے عمران خان کو اپنے اعتماد کاووٹ دیا تھا اپنا اعتماد مجروح ہونے پر اور عمران کے سدا بہار جھوٹ اور الٹی سیدھی حرکتوں پر انتہائی شرمسار ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان یورپ میں 50 سے 100 فیصد تک ٹیکس جمع ہونے کی بات کرتے ہیں لیکن اپنے ملک میں سول نافرمانی کی کال دیتے ہیں،یورپ میں اسطرح کا دوہرا معیار ہوتا تو انہیں شٹ اپ کال دی جاتی ،پارلیمنٹ ہاؤس اور ٹی وی اسٹیشن پر حملے کے جرم میں جیل یاترا ہوتی لیکن جمہوریت کا ثمر ہے کہ وہ ابھی تک بچے ہوئے ہیں،عمران بنٹس کے باوجود بار بار بجلی بل جمع نہ کروانے کے باعث اپنا بجلی کا میٹر کٹوالیتے ہیں پھر بھی جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں کہ میں موم بتی پر گزارہ کررہا ہوں حالانکہ وہ دھرنے کے فنڈز سے جنریٹر پرچلاکر گزارہ کررہے ہیں،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ رحیم یار خان جلسہ میں کوئلے سے چلنے والا پاور پلانٹ لگانے کی مخالفت کرکے عوام کی زندگیوں کو اندھیروں میں دھکیلنے کا پیغام دیا گیا ہے،وزیراعظم میاں نواز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا ہے ،توانائی منصوبے مکمل ہونے سے پاکستان میں انقلاب آئیگا،لوڈشیڈنگ ختم ہوگی،بجلی مہنگی نہیں بلکہ مزید سستی ہوگی،انہوں نے کہا کہ عمران خان سچ کہتے ہیں کہ’’ میں دھرنے نہ بھی دوں تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا،،کیونکہ چندے اور خیرات کے پیسوں نے ان کی زندگی بدل دی ہے لیکن عوام سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے پیروں پر خود کھڑے ہونا ہے پاکستان کو چندے یا خیرات کے پیسوں پر نہیں چلایا جاسکتا،انہوں نے مذید کہا کہ جس طرح شیر کی جگہ کوئی گدھا جنگل کا بادشاہ نہیں بن سکتا اسی طرح میاں نواز شریف سمیت کسی بھی محب وطن پاکستانی کی جگہ غیرں کے ٹکڑوں پر پلنے والا کوئی ملک دشمن بھی پاکستان کا وزیراعظم نہیں بن سکے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات