رائے ونڈکے تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ مکمل

اتوار 9 نومبر 2014 12:45

رائے ونڈکے تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ مکمل

رائے ونڈ (محمد افضل شاغف سے۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9نومبر۔2014ء)حج بیت اللہ کے بعد دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع جو کہ ہر سال رائے ونڈ لاہور میں منعقد ہوتا ہے، حسب معمول مذہبی جوش و خروش اور عشق رسول ﷺ سے مزین اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ اس تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلہ کی دعا حسب روائت مولانا عبدالوہاب کی لسان مبارک سے آج کروائی گئی ہے۔

اجتماع کے پنڈال کا منظر دیدنی ہے۔ تا حد نظر زائرین کی تعداد دکھائی دیتی ہے اور پارکنگ پر موجود ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں اس حقیقت کی غماضی کرتی ہیں کہ اللہ کے نیک بندے ہی ہمیشہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کی محبت میں اپنے گھروں اور پیاروں کو چھوڑ کر راہ خدا کے مسافر بنا کرتے ہیں۔اس اجتماع میں نظم و ضبط قابل تعریف ہوا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

مقامی پولیس اور اجتماع کی اپنی ڈنڈا بردار فورس سکیوریٹی کے انتظامات سنبھالتی ہے۔ یہ اجتماع عظیم جہاں عبادت و سنت رسول ﷺ کی منظر کشی کرتا ہے وہاں مقامی لوگوں کے لیے تفریح کے سامان بھی ساتھ لیے ہوتا ہے۔پنڈال سے ذرا فاصلے پر سجنے والی عارضی دکانوں پر ضروریات زندگی کی تمام اشیا موجود ہیں۔ ملک کے دوسرے کونوں سے آنے والے افراد کے لگائے گئے سٹال اور دکانوں پر نایاب اور کم یاب اشیاء بھی ارزاں نرخ پر دستیاب ہوتی ہیں جن میں خشک میوہ جات، مٹھائیاں، ملتانی سوہن حلوہ، مصالحہ جات، چائے، صابن اور گرم ملبوسات شامل ہیں۔

زائرین اجتماع کے دنوں میں عالم اسلام سے آنے والے علماء کی تقاریر سے استفادہ کرکے ایمان تازہ کرتے ہیں۔ گزشتہ کل جناب مولانا طارق جمیل صاحب کا خطبہ ہوا جسے ہر صاحب گوش نے ہمہ تن گوش ہو کر سنا۔انہوں نے اپنے بیان میں خدا کی وحدانیت کا پرچار کرنے اور شرک جیسی لعنت سے دور رہنے ، آپس میں پیار و محبت بانٹنے ، دنیاوی زندگی سے دل نہ لگانے، آخرت کی فکر کرنے اور نماز پنجگانہ کی پابندی کرنے کی تلقین کی۔

اس اجتماع میں مسلمانوں کا جذبہ بھائی چارہ قابل دید ہوتا ہے، جہاں امتیاز رنگ و نسل، علاقہ و ز بان، قبیلہ و خاندان اور ذات پات کو بالائے طاق رکھ کرسب افراد اپنے آپ کو ایک خدا ، ایک رسولﷺ اور ایک کتاب (قرآن مجید) کے حصار میں دے دیتے ہیں۔لاکھوں زائرین کے بیک وقت عبادت کرنے سے علاقہ بھر میں عبادت کی روح پرور آواز جو خصوصا علی الصبح اور رات کے وقت فلگ شگاف حیثیت اختیار کر لیتی ہے، ہر مومن کے دل پر اثر کرتی ہے اور اللہ والوں کو اپنی جانب تیزی سے کھینچتی ہے۔