او جی ڈی سی ایل کے 10 فیصد حصص کی فروخت کا فیصلہ موخر

ہفتہ 8 نومبر 2014 17:25

او جی ڈی سی ایل کے 10 فیصد حصص کی فروخت کا فیصلہ موخر

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر 2014ء)حکومت نے او جی ڈی سی ایل کے 10 فیصد حصص کی فروخت کا فیصلہ موخر کر دیا ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 25 فیصد سے زائد کمی کے باعث حکومت کو 80 کروڑ ڈالر کے ہدف سے کم پیشکشں موصول ہوئیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے وفاقی کابینہ کی نجکاری سے متعلق کمیٹی کی سفارش پرآؕئل اینڈ گیس کمپنی کے دس فیصد شیئرز کی فروخت کا فیصلہ موخر کر دیا ہے ۔

حکومت نے او جی ڈی سی ایل کے شیئرز کی فروخت کا فیصلہ موخر کرنے کی وجہ ملکی معاشی صورتحال میں بہتری اور بین الاقوامی قیمتوں کے پیش نظر کیا ہے تاہم وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ 80 کروڑ ڈالر کا ہدف پورا نہ ہونے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ نجکاری کمیشن نے او جی ڈی سی ایل کے ایک شیئر کی کم از کم قیمت 216 روپے رکھی تھی تاہم ذرائع کے مطابق حکومت کو مقررہ ہدف سے کم پیش کش موصول ہوئی ۔

(جاری ہے)

ملک میں تیل و گیس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 1961 میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی تشکیل دی گئی جس نے تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کے ذریعے ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچایا ۔ گزشتہ مالی سال کمپنی کی آمدن دو سو ستاون ارب اور منافع چھتیس فیصد اضافے سے ایک سو چوبیس ارب روپے رہا ۔ شیئرز کی فروخت کے اعلان پر ملازمین اور حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔