پاکستان اور چین میں توانائی کے 9 معاہدوں سمیت 19 منصوبوں پر دستخط

ہفتہ 8 نومبر 2014 11:18

پاکستان اور چین میں توانائی کے 9 معاہدوں سمیت 19 منصوبوں پر دستخط

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر 2014ء) پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد چین اور پاکستان کے درمیان 19منصوبوں پر دستخط ہوئے ، 9 معاہدوں کا تعلق پاور سیکٹر سے ہے ، دونوں ملکوں میں فائبر آپٹک بچھانے کیلئے آسان شرائط پر قرضے ، اقتصادی اور فنی تعاون ، فیصل میں صنعتی پارک، تھر بلاک ٹو میں 65 لاکھ میٹرک ٹن کوئلے کی کان کنی کے معاہدے شامل ہیں ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں کے باعث ہونے والے نقصان کا مداوا چین سے ہونے والے معاہدوں سے ہوگا، ملکی ترقی میں نئی روح پھونکے گی ۔ بیجنگ کے گریٹ ہال میں معاہدوں پر دستخط کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم بجلی کا مسئلہ ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں ، بجلی کے کارخانے چلیں گے تو بجلی کی قیمتیں بھی کم ہوں گی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا ، غربت میں کمی آئے گی ، محرومیاں ختم ہوں گی ، روزگار کی فراہمی ممکن بنے گی ، ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ ان کا دورہ صورتحال میں گیم چینج کی حیثیت رکھتا ہے ۔ چینی قیادت کے جوش وخروش کے مثبت نتائج ہماری معیشت پر ظاہر ہوں گے ، چین کا تعاون پاکستان میں اقتصادی تعاون کا ذریعہ بنے گا ۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں چینی وزیر اعظم نے پاکستان کے لئے اپنے پرجوش خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی کے رشتے دراصل دونوں ممالک کے عوام کے باہمی رشتے ہیں ، ہم مضبوط اور مستحکم پاکستان چاہتے ہیں ، پاکستان کے ساتھ دوستی کو مستقبل میں مزید مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ، چینی ہم منصب سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے چین سے دوستی کو اپنی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوستی کا یہ تعلق آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوگا ۔

یہ سلسلہ ہماری ترقی وخوشحالی کا ذریعہ بنے گا ، چینی وزیر اعظم سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف ، خواجہ آصف ، شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال ، طارق فاطمی موجود تھے ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، اقتصادی معاملات اور خطے میں امن وامن پر تبادلہ خیال ہوا ۔

متعلقہ عنوان :