Live Updates

اپوزیشن لیڈر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ‘ پی ٹی آئی نے الیکشن کمشنر کیلئیجسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زائد کا نام تجویز کردیا

جمعہ 7 نومبر 2014 14:45

اپوزیشن لیڈر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ‘ پی ٹی آئی نے الیکشن کمشنر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7نومبر 2014ء) چیف الیکشن کمشنر کے تقرر پر مشاورت کیلئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زائد کا نام تجویز کیا گیا۔ جمعہ کو چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے خورشید شاہ نے شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے مختلف ناموں پر مشاور کی گئی ذرائع کے مطابق ملاقات میں نئے الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیاشاہ محمود قریشی نے کہاکہ تحریک انصاف نے ناصر اسلم زاہد کا نام تجویز کیا ہے، جس پر خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے تصدق حسین جیلانی کا نام دیا گیا ‘جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگواس داس اور جسٹس میاں اجمل کے نام بھی زیر غور ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بطور اپوزیشن لیڈر میری ذمہ داری ہے کہ میں حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کروں اور اس کیلئے یہ میرا آئینی اختیار ہے کہ میں جس سیاسی جماعت سے چاہوں بات کروں اور پھر جو بھی فیصلہ ہو اس کے حوالے سے حکومت کو آگاہ کروں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہو گی کہ معاملے کو ایمانداری اور نیک نیتی کے ساتھ حل کیا جائے تاکہ یہ آئینی معاملہ تضاد کا شکار نہ ہو اور ایسا الیکشن کمشنر تعینات کیا جائے جس پر سب کو اعتماد ہو۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی صرف قانونی معاملہ نہیں بلکہ یہ ایک بہت اہم سیاسی معاملہ بھی ہے، شفاف الیکشن پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور انتخابی اصلاحات کا مطالبہ تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ مطالبہ ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ایسا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے جس کی شفافتی پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

تحریک انصاف موجودہ الیکشن کمیشن اور 2013 کے انتخابات کو مسترد کر چکی ہے اور اگر موجودہ الیکشن کمیشن کے ذریعے انتخابات کرائے گئے تو وہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے لئے جو نام پیش کئے گئے وہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں تاہم ہم نے پارٹی مشاورت کے ساتھ جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کا نام تجویز کیا ہے کیونکہ ان کا پورا کیرئیر شفاف ہے اور کوئی ان پر انگلی نہیں اٹھا سکتا، اگر کوئی ایسا الیکشن کمشنر تعینات ہو جاتا ہے جو آزاد، خود مختار اور شفاف ہو اور جس کی ایمانداری پر کسی کو انگلی اٹھانے کی جرات نہ ہو تو یہ پاکستان کی خدمت ہو گی۔

تحریک انصاف کے وائس چیرمین نے کہاکہ وزیراعظم کے ذہن میں بھی کچھ نام ہوں گے لیکن ہمیں ان میں سے کچھ ناموں پر شدید تحفظات ہیں کیونکہ ان کا ماضی سیاسی وابستگیوں سے جڑا ہے اور اگر کوئی ایسا الیکشن کمشنر تعینات کیا گیا تو پھر ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جسٹس ناصر اسلم زاہد اور جسٹس رانا بھگوان داس دونوں قابل اعتماد نام ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کے لئے ان دونوں ناموں پر غور ہونا چاہیے۔

اس موقع پر سید خورشید شاہ نے واضح کیا کہ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے ذمہ داری ہے کہ وہ سب سے مشاورت کروں اور آج اسی سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر کے نام پر مشاورت کیلئے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپوزیشن کا حصہ ہے اسی لئے ان سے مشورہ کرنے آیا تھا اور اس دوران انہوں نے جسٹس ناصر اسلم زاہد کا نام دیا ہے جبکہ ہم نے جسٹس تصدق جیلانی اور رانا بھگوان داس کا نام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے بہتر ہو گا کہ الیکشن کمیشن کو متنازع نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم سے تین چار ناموں پر مشاورت کرونگا واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے حکومت کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی اور جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کے نام تجویز کئے گئے ہیں جب کہ اپوزیشن کی جانب سے اجمل میاں اور رانا بھگوان داس اور جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز کے نام پیش کئے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے حکومت اور اپوزیشن کو 13 نومبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات