ترک صدرنے اپنے سامنے سگریٹ پینے والے شہری کو جرمانہ کردیا

بدھ 5 نومبر 2014 23:51

ترک صدرنے اپنے سامنے سگریٹ پینے والے شہری کو جرمانہ کردیا

استنبول (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5نومبر 2014ء)ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ایک کیفے میں اپنے سامنے سگریٹ پینے والے ایک شخص کو پولیس سے جرمانہ کرا دیا اور اس کو تنبیہ بھی کی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق رجب طیب ایردوآن اتوار کو استنبول میں ایک تقریر کے بعد شہر کے گشت پر نکلے کھڑے ہوئے۔انھوں نے ورکنگ کلاس کے علاقے میں ایک مصروف شاہراہ پر واقع کیفے کی دوسری منزل کی بالکونی پر ایک شخص کو تمباکو نوشی کرتے ہوئے دیکھ لیا اور وہ پھر اس کو قانونی سزا دلوا کر ہی وہاں سے ہٹے۔

آن لائن پوسٹ کی گئی ایک فوٹیج کے مطابق وہ اپنے مصاحبین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جارہے تھے۔اچانک وہ اس تمباکونوش کو دیکھ کر رْک گئے اور اس کی جانب انگلی کا اشارہ کرتے ہوئے بولے کہ وہ تمباکو کے استعمال پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

اس فوٹیج میں سگریٹ کے کش لگانے والا یہ شخص تو نظر نہیں آرہا ہے لیکن صدر رجب طیب ایردوآن اس کو یہ کہتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں کہ اس کو قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہوسکتا ہے۔

پھر وہ اپنے ساتھ موجود استنبول کے علاقے ایسنلر کے مئیر کی جانب متوجہ ہوئے اور ان سے پوچھا کہ پولیس کہاں ہے؟مئیر نے پہلے تو مسکرا کر معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی لیکن انھیں جلد ہی احساس ہوگیا کہ صدر صاحب تو اس معاملے میں بہت سنجیدہ ہیں۔رجب طیب ایردوآن نے قدرے غصیلے انداز میں کہا کہ یہ بے شرم شخص صدر کے کہنے کے باوجود باز نہیں آیا ہے۔

اس نے وہاں بیٹھ کر سگریٹ سلگائے جارہا ہے اور یہ محرم کا مہینہ ہے۔خدا کے لیے کچھ تو احساس کرو۔اس کے بعد استنبول کے مئیر قدیر توپ باس بھی سامنے آگئے اور انھوں نے بھی معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ شخص آیندہ سگریٹ نہ سلگانے کا وعدہ کرسکتا ہے مگر صدر ایردوآن کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا اور انھوں نے پولیس کو حکم دیا کہ وہ اس شخص کو موقع پر ہی جرمانہ عاید کرے۔ترک میڈیا کے مطابق پولیس نے اس شخص پر عوامی مقام پر سگریٹ نوشی کے جرم میں 90 ترک لیرا جرمانہ عاید کیا ہے۔اس کے بعد صدر وہاں سے چلے گئے تھے۔