سیاست میں کسی بات کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے‘ خورشید شاہ

پیر 3 نومبر 2014 14:44

سیاست میں کسی بات کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے‘ خورشید شاہ

سکھر(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 3نومبر 2014ء)اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے حکومت سے ڈیزل، پیٹرول سمیت بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا حکومت اور پی ٹی آئی ڈائیلاگ پر آئیں۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ فلور آف دی ہاؤس میں نے حکومت پر پریشر ڈالا کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں۔

میرے مطالبے پر حکومت نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں کم کیں جو خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

ڈیزل اور پیٹرول کی مزید چار روپے جبکہ بجلی کی قیمتیں بھی کم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی بات کرنے والے عمران خان کو جہاں حکومت ملی ہے وہاں نوجوانوں کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں وہ بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے معیشیت کو بہت نقصان ہوا ہے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی ڈائیلاگ کا راستہ نکالا جائے حکومت اور پی ٹی آئی ڈائیلاگ پر آئیں۔ سیاست میں کسی بھی بات کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔ پاکستان میں داعش کی موجودگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی تنظیم اپنی پناہ گاہ اس کو سمجھتی ہے جہاں اسے محفوظ جگہ ملے۔