دنیا کاامن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے،عبدالرشید ترابی ،لارڈ نذیر

ہفتہ 1 نومبر 2014 16:19

بریڈ فورڈ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔نومبر-2014) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی اورلارڈ نذیر نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ دنیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان کالے قوانین ختم کرے انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت کا موقع فراہم کرے،انہوں نے کہاکہ متاثرین سیلاب کی امداد کے لیے برطانیہ سے ریلیف مارچ کرنے کی ضرورت ہے چونکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے متاثرین کی نہ خود مدد کر رہا ہے اور نہ عالمی اداروں کو اس کی اجازت دے رہا ہے،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ جماعت اسلامی بیس کیمپ کو حقیقی بیس کیمپ بنانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے نظام کی اصلاح اور قیادت کی تبدیلی کے لیے بھی جدوجہد کررہی ہے، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ نذیر نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیر کمیونٹی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہر ہ کرے تو 50سے زائد افراد کو پارلیمنٹ میں پہنچا سکتی ہے اس کے لیے بہتر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ظلم اور نا انصافی ہے کرپشن اور بیروزگاری عروج پر ہے اس کے اصلاح احوال کی ضرورت ہے اس موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی ،حافظ آزاد صدر تحریک کشمیر برطانیہ بریڈ فورڈ ریجن،نویدہ کریم اور پروین نے اعلان کیا کہ وہ کشمیر کی آزادی کیلئے جان قربان کرنے کیلئے تیار ہیں ۔