ملک کو بحرانوں سے بچانے کا واحد حل آئین اور قانون کی حکمرانی ہے، حافظ حسین احمد

ہفتہ 1 نومبر 2014 14:51

ڈیرہ غازیخان( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔نومبر-2014)ملک کو بحرانوں سے بچانے کا واحد حل آئین اور قانون کی حکمرانی ہے عدلیہ سمیت اداروں میں نظریہ ضرورت کو ختم کرنا ہوگا۔خان صاحب کے قول وفعل میں تضاد ہے انتشار کی سیاست سے وہ خود بند گلی میں پہنچ گئے ہیں ۔قادری بند گلی سے نکل کر ملک سے باہر جاچکے ہیں انتظامی بنیادوں پر صوبوں کے حامی لسانی اور قومیت پر صوبوں کے مخالف نئے صوبوں کیلئے آئینی طریقہ سینٹ اور اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظور ہونے پر صوبہ بن سکتاہے ۔

وکلاء آئین اور قانون کی سربلندی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں ان خیالات کا اظہار جے یوآئی فضل الرحمن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ غازیخان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ڈسٹر کٹ بار ہال میں وکلاء سے بار صدر قاضی صد ر الدین علوی ،جنرل سیکرٹری ملک طالب ببر اور ضلعی جنرل سیکرٹری جے یوآئی ملک فیض محمد نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ جے یوآئی کے ضلعی صدر قاری جمال عبدالناصر اور گڈز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر عبدالسلام ناصر دیگر جے یوآئی راہنما بھی موجود تھے حافظ حسین احمد نے کہا ہمارا ملک معدنیات کی دولت سے مالامال ہے ۔صرف سینڈ ک پراجیکٹ سے ایک سال میں بیس ٹن سونا نکالا جاسکتاہے لیکن آج بلوچستان اور جنوبی پنجاب پس ماندہ ہیں انہوں نے کہا وکلاء نے آئین وقانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے جدوجہد کی لیکن چیف تو بحال ہو گیا لیکن جسٹس بحال نہ ہوئی ۔

1973ء کے آئین کے باوجود آمروں کی وجہ سے ہمارا ملک بے آئین رہا حافظ حسین احمد نے کہا پی ٹی آئی استعفیٰ کیوں نہیں دیتی جاوید ہاشمی نے استعفیٰ دیکر اصول پسند ہونے کا ثبوت دیا ۔عمران خان کے قول وفعل میں تضاد ہے قادری کے چلے جانے کے بعدوہ خود بند گلی میں پھنس چکے ہیں ۔ان کیلئے ایمپائر نے انگلی نہیں اٹھائی فوج غیرجانبدار ہے ہم نے بھی آئین قانون اور جمہوریت کی بات کی نوازشریف کی حکومت کو نہیں جمہوریت کو بچایا ۔ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے بھی ہمارے اس موقف کی تائید کی انہوں نے وکلاء سے کہاکہ وہ آئین اور جمہوریت اور آزاد عدلہ کے پاسدار ہیں آئین اور جمہوریت کی حفاظت کرینگے۔