جنرل ہسپتال میں قائم ڈینگی کاوٴنٹر محرم کی چھٹیوں میں بھی کام کرتا رہے گا:پروفیسر انجم حبیب وہرہ

جمعہ 31 اکتوبر 2014 22:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں قائم ڈینگی کاوٴنٹر اتوار اور نویں و دسویں محرم کی چھٹیوں کے دوران تینوں شفٹوں میں کام کرتا رہے گا اور متعلقہ سٹاف ڈیوٹی پر موجود ہوگا۔ مریضوں کی لیبارٹری ٹیسٹوں کی رپورٹس، فوری مہیا کرنے اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری رکھنے کے لیے لیب ٹیکنیشن، سینٹری انسپکٹر و اہلکاروں اور شعبہ ورکس کے عملے کی چھٹیاں 30نومبر تک بند کردی ہیں جبکہ ڈینگی بخار میں مبتلامریضوں کے ایکسرے و الٹرا ساوٴنڈ ان کے بستروں پر کرنے کے لیے پورٹ ایبل مشین کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔

اس امر کا اظہار پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پروفیسر صاحبان، ایم ایس ڈاکٹر پرویز امتیاز اور دیگر شعبوں کے انچارج نے شرکت کی۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہاکہ یوم عاشور پر ہسپتال کے تمام ملازمین الرٹ رہیں گے۔ انہوں نے بلڈ بینک میں تعینات ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ ان ایام میں خون کی وافر مقدار کا سٹاک یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ یوم عاشور پر زنجیر زنی سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی میں اضافی بیڈ لگادیئے گئے ہیں۔پرنسپل نے صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ مریضوں کی صحتیابی میں ہسپتال کا بہتر ماحول اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریضوں کے علاج معالجے و نگہداشت پر مامور نرسوں کا خود تندرست ہونا ضروری ہے تاکہ ہسپتال میں داخل مریضوں کی جلد صحتیابی میں جلد مدد ملے۔

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہاکہ ڈینگی بخار میں مبتلا افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے جن اے ایم ایس حضرات کی اضافی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں ان کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ڈینگی کے خلاف مہم موٴثر انداز میں جاری ہے اور یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس وباء کا مکمل طور پرخاتمہ نہیں ہوجاتا۔

متعلقہ عنوان :