بجلی کے زائد بلوں کے معاملے پر وفاقی کابینہ کی کمیٹی قائم

جمعہ 31 اکتوبر 2014 21:36

بجلی کے زائد بلوں کے معاملے پر وفاقی کابینہ کی کمیٹی قائم

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم نوازشریف نے صارفین کو بجلی کی اووربلنگ کے معاملے پروفاقی کابینہ کے 5 وفاقی وزرا پر مشتمل کیبنٹ کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی کو صارفین کوبھجوائے گئےاضافی بلز کی تحقیقات اور ان کو ریلیف پیکج دینے کے حوالے سے سفارشات کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے بجلی کی اووربلنگ کے معاملے پر وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں پیش کردہ آڈٹ رپورٹ کو مسترد کردیاتھا جس کے بعد وزیراعظم نے اس اہم معاملے کی وجوہات اور حقائق جاننے کےلئے وفاقی وزراء اسحاق ڈار، چوہدری نثار، شاہد خاقان عباسی، خواجہ محمدآصف اور خرم دستگیر پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے جبکہ سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس بھی کمیٹی کا رکن ہوں گے۔

کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتے میں انکوائری اور سفارشات پر مبنی جامع رپورٹ وفاقی کابینہ کے 6نومبر کو ہونے والے آئندہ اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرے۔

متعلقہ عنوان :