پاکستان کے لئے داعش نیا خطرہ ہے، طالبان تیزی سے تنظیم میں شامل ہورہے ہیں، الطاف حسین

جمعہ 31 اکتوبر 2014 21:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے داعش نیا خطرہ ہے، طالبان تیزی سے داعش میں شامل ہورہے ہیں،پنجاب کے جنوب سے اسلام آباد تک داعش کے بے پناہ جھنڈے نظرآئیں گے۔لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے رہنما نے نائن زیرو پر ٹیلی فون پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سردجنگ کے بعدامریکی سی آئی اے نے پاکستان سے طالبان بنانے کاکہا، طالبان مجاہدین کوامریکا،سعودی عرب اورپاکستان سمیت کئی ممالک نے سپورٹ کیا، طالبان کوسویت یونین توڑنے کیلیے بنایاگیا۔

ایسا انکشاف کرنے جا رہا ہوں جس کا پاکستان کی اکثریت کو معلوم ہی نہیں ہے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں داعش (اسلامک سٹیٹ آف عراق اینڈ شام) کا خطرہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

طالبان کے لوگ 6 کمانڈرز کے ساتھ داعش میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ داعش میں شامل ہو رہے ہیں۔قابو نہ پایا گیا تو لوگ روانڈا کا قتل عام بھول جائیں گے، صرف فوج ملک نہیں بچاسکتی، سب کو اپنا فرض پورا کرنا ہوگا۔

میری سچ باتیں انہونی لگتی تھیں، 10 سال سے طالبانائزیشن کیخلاف آواز اٹھا رہا ہوں، طالبان سے متعلق میری بات درست ثابت ہوئی، طالبان اور القاعدہ سے خطرناک گروہ کے قیام سے آگاہ کررہا ہوں، انہوں نے کہا کہ طالبان نے ڈکیتیاں،کارلفٹنگ،بینک لوٹنے سمیت دیگرجرائم سے پیسہ جمع کیا، بازاروں اورگلیوں کولہو لہان کیاگیا،پولیس اہلکاروں اورفوجیوں کوماراگیا، امام بارگاہوں،مزارات اوربزرگان دین کی قبروں کوبموں سے اڑایاگیا، طالبان میں کئی گروپ بن گئے،سعودی طرزحکومت کاپرچارکیاگیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ میں نے طالبان کی کراچی میں آمداورتربیت گاہوں کے بارے میں بتایا، ہماری مسلح افواج دہشتگردوں کے خلاف تاریخ کی بہت بڑی جنگ لڑرہی ہے، سیلاب یا کسی بھی آفت کی صورت میں پاک فوج ہر جگہ سب سے پہلے پہنچتی ہے۔ ایم کیو ایم قائد نے کہا کہ ایم کیوایم کے منشورمیں جاگیردارانہ نظام،اسٹیٹس کو کاخاتمہ شامل ہے ، میں نے شروع سے ہی نوجوان باصلاحیت لوگوں کو آگے بڑھایا، میں اپنے مشن پرڈٹارہا، مجھے کہاگیاکہ سیاست میں حصہ لیناغریبوں کاکام نہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایوان میں99فیصدغریب طبقے کوبھیجا، آج عمران خان اورطاہرالقادری مڈل کلاس اورلوئرمڈل کلاس کی بات کررہے ہیں۔ #