صدر مملکت ممنون حسین سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ،کراچی کے میگا پراجیکٹس پر سست روی پر تشویش سے آگاہ کیا

جمعہ 31 اکتوبر 2014 21:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین سے جمعہ کو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں ایم کیوایم کی وفد نے ملاقات کی۔ ایم کیوایم کے وفد میں ڈپٹی کنوینر رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی، رکن قومی اسمبلی فاروق ستار اورسینیٹر نسرین جلیل شامل تھیں۔ صدر مملکت سے ملاقات میں ایم کیوایم کے وفد نے کراچی کے میگا پراجیکٹس پر سست روی پر تشویش سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے مسائل سنجیدگی سے حل کیے جائیں گے۔ کے فور، لیاری ایکسپریس وے اور دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تعلیم و ترقیاتی منصوبے میری پہلی ترجیح ہیں۔ دیہی و شہری علاقوں کی تفریق کے بغیر تعمیر و ترقی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مرکز سے جو وسائل درکار ہوں گے اس کے لیے کردار ادا کروں گا۔