سوات میں ریسکیو 1122 اور صفائی و آبنوشی کمپنی پر کام کا آغاز امسال شروع ہو جائے گا ،پرویز خٹک

جمعہ 31 اکتوبر 2014 20:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سوات میں پشاور کی طرز پر ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس اور صفائی و آبنوشی کی کمپنی ڈبلیو ایس ایس پی پر کام کا آغاز امسال شروع ہو جائے گا جبکہ مینگورہ شہر کی خوبصورتی و تعمیر و ترقی کیلئے دس دس کروڑ روپے کے دو الگ الگ منصوبے بھی شروع کئے جارہے ہیں اسی طرح شہر میں ٹریفک کے اژدھام پر قابو پانے کیلئے کانجو فلائی اوور کے علاوہ دیگر اہم سکیمیں بھی شروع کی جارہی ہیں سوات میں اربن پلاننگ کے تحت تمام چوراہوں کو کشادہ بنانے کے علاوہ گرین بیلٹ اور پھولوں سے سجایا جائے گا اسی طرح تمام زنگ آلود پائپ کو تبدیل کرکے عوام کو صحت افزاء پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی جبکہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعلیمی وظائف اور روزگار کیلئے قرضوں کی فراہمی کے علاوہ کھیلوں کے سٹیڈیم اور کمیونٹی ہال کی تعمیر پر بھی جلد کام شروع کیا جا رہا ہے اسی طرح سوات میں آبپاشی اور زرعی ترقی کی سکیمیں شروع کرنے کیلئے بھی متعلقہ وزراء کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں انہوں نے سوات کے لوگوں کو پی ٹی آئی کے منشور اور تبدیلی کے نعرے کی بھر پور پذیرائی اور گزشتہ عام انتخابات میں ضلع بھر کی سیٹیں ہماری جھولی میں ڈالنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وہاں کے چھ ارکان صوبائی اسمبلی اور دو ممبران قومی اسمبلی پر زور دیا ہے کہ وہ اس اعتماد کا حق اہل سوات کی شبانہ روز خدمت کی صورت میں ادا کریں جو عوامی فلاح و بہبود کی بہترین قانون سازی اور تعلیم وصحت سمیت تمام شعبوں میں بہتر سہولیات کیلئے سرکاری اداروں کی نگرانی موثر بنانے سے ہی ممکن ہے اسی طرح ارکان اسمبلی تھانوں، پٹوار خانوں اور دیگر مراکز کے دورے بھی باقاعدگی سے کریں تاکہ وہاں عملے کی حاضری اور خدمات بہتر ہونے کے علاوہ کرپشن کا مکمل سد باب بنے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی سربراہ عمران خان کی زیرقیادت ملک کے سیاسی نقشے کو بدل کر رکھ دیا ہے خیبرپختونخوا میں متعارف کی جانے والی منفرد طرز حکمرانی باقی صوبوں کیلئے قابل تقلید مثال بن چکی ہے کیونکہ اس نے صوبے میں کرپشن، اقرباء پروری اور ظلم و استحصال پر مبنی روایتی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے ایسا عوام کی خواہش پر کیا گیا کیونکہ وہ ظلم اور استحصال پر مبنی نظام سے عاجز آچکے تھے انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تبدیلی کی اس سیاست کے حقیقی علمبردار بنیں اپنی صفوں میں اتحاد اور نظم و ضبط کا اعلیٰ معیار قائم کریں ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے سوات سے پی ٹی آئی کے عہدیداروں کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا جس نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد خان کی زیر قیادت اُن سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اہل علاقہ کو درپیش بعض مسائل سے انہیں آگاہ کیا سوات سے پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ڈویژنل و ضلعی عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ نے بد عنوانی ، اقرباء پروری اور بے قاعدگیوں کو گزشتہ حکومت کی ناکامی کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے دور حکومت میں تبدیلی نمایاں طور پر نظر آنے لگی ہے کیونکہ گزشتہ عام انتخابات میں عوام نے پچھلے استحصالی نظام کو تبدیل کرنے کیلئے تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا جس میں انصاف تھا نہ میرٹ اور نہ غریبوں کیلئے اپنے حقوق حاصل کرنے کی کوئی گنجائش پرویز خٹک نے کہا کہ کرپشن اور ظلم و زیادتی دراصل ترقی اورکامیابی کے راستے میں بہت بڑی رکاوٹیں ہیں جن سے قومی خوشحالی کے راستے مسدود ہو جاتے ہیں اُنہوں نے کہا کہ اقرباء پروری اور سفارش ایسی برائیاں ہیں جن سے نااہل اور نالائق لوگوں کو آگے آنے کے مواقع ملتے ہیں حق دار اور اہل لوگوں کا حق مار ا جا تا ہے اور یہی نااہل لوگ بد عنوانیوں میں ملوث ہو کر سارے نظام کی تباہی کا سبب بنتے ہیں وزیر اعلیٰ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کسی غلط آدمی یا کام کی سفارش کرنے یا اس مقصد کیلئے اپنے ارکان اسمبلی پر دباؤ ڈالنے کی بجائے حکومت کی غلطیوں پر کڑی نظر رکھیں اور اُن کی نشاندہی کریں تاکہ اُنہیں بروقت ٹھیک کیا جا سکے اُنہوں نے یقین دلایا کہ اُن کی حکومت میں میرٹ کے برخلاف سرکاری ملازمتوں، تقرری و تبادلوں میں کسی بھی حکومتی رکن کے رشتہ دار کو ترجیح نہیں دی جائے گی کیونکہ جب لوگ سیاسی سفارش سے بھرتی یا تبدیل ہو جاتے ہیں تو وہ بہترکارکردگی دکھانے کے قابل ہر گز نہیں ہوتے بلکہ نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اُنہوں نے بطور وزیر اعلیٰ اپنے ضلع میں اپنی پسند کا ڈی سی، ڈی پی او یا کوئی دوسرا سرکاری اہلکار نہیں لگوایا تاکہ جو بھی آئے وہ انکے حلقے کے لوگوں کی صحیح معنوں میں خدمت کر سکے بصورت دیگر اسے سزا کا ڈر بھی ہو موجودہ حکومت کے میرٹ پر مبنی اور شفاف فیصلوں سے گزشتہ دور حکومت میں ہونے والے غلط کاموں کا خاتمہ ہو گیا اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اُن کے دور حکومت میں بد عنوانیوں میں ملوث افراد سزا سے بچ نہیں سکیں گے کیونکہ اب احتساب کمیشن بھی قائم ہو گیا ہے پرویز خٹک نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ پارٹی کی صف میں شامل ہونے والے نئے لوگوں کو خوش آمدید کہیں اور ان کیلئے دلوں کے دروازے کھولیں لوگ جو ق درجوق تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں اور پارٹی کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے تاہم اُنہوں نے کہا کہ پارٹی میں نظم و ضبط کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت صوبے میں صنعتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایک جامع پروگرام شروع کررہی ہے تاکہ روزگار اور قومی پیداوار کے مواقع میں اضافہ ہو۔

متعلقہ عنوان :