مولانا فضل الرحمٰن پر حملہ کے بعد وزیر داخلہ اور مرکزی حکومت اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں ، اگر خفیہ ادارے دھماکہ کی سازش بے نقاب نہ کرپائے تو وہ بھی شامل جُرم سمجھے جائینگے،مولانا گل نصیب

جمعہ 31 اکتوبر 2014 20:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) جمیعت علماء اسلام خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب نے واضح کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن پر حملہ کے بعد وزیر داخلہ اور مرکزی حکومت اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں ، اگر خفیہ ادارے دھماکہ کی سازش بے نقاب نہ کرپائے تو وہ بھی شامل جُرم سمجھے جائینگے ۔مولانا شجاع الملک نے پیشن گوئی کی کہ عمران خان سیاسی موت کے قریب ہیں جبکہ سینیٹر حاجی غلام علی نے بھی مشورہ دیاکہ پہلے خیبر پختونخوا کو مثالی صوبہ بنائیں پھر ملک میں تبدیلی کا نعرہ لگائیں ۔

جے یو آئی کے رہنماء اور سینیٹر حاجی غلام علی کی رہائش گاہ پر ایک اہم اجلاس کے بعد مولانا عطاء الرحمٰن، مولانا شجاع الملک اور جلیل جان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا گل نصیب کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پر خود کش حملہ مغربی ایما پر کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

دھماکہ میں وہ عناصر ملوث ہیں جو پوری دنیا بلخصوص مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خود کش حملے کے بعد بلوچستان کی صوبائی حکومت ، وزیر داخلہ چودھری نثار اور مرکزی حکومت نے اپنا کردار اس طرح ادا نہیں کیا جیسا کرنا چاہئے تھا ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمٰن کو ایک فون کال تک نہیں کی ۔مولانا گل نصیب نے واضح کیا کہ خود کش حملے کی سازش کو اگر ملک کے خفیہ ادارے بے نقاب نہ کرسکے تو انہیں بھی اس کا حصہ سمجھا جائیگا ۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا نے کہا کہ مرکزی حکومت سے علیحدگی کا تاحال کوئی ارادہ نہیں ہے تاہم آئندہ کا لائے عمل تحہ کرنے کے لئے مرکزی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔بریفنگ کے دوران تحریک انصاف کے دھرنوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان دھرنوں سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومتی اراکین نے غیر پارلیمانی رویہ اپناتے ہوئے آپوزیشن اراکین پر چڑھائی کی اور گالم گلوچ کی ۔

مولانا شجاع الملک نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو دھوکے میں رکھا اور غیر جمہوری طریقے سے اسلام آباد میں دھرنا دئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مذید کہا کہ تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کے پاس کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں ہے وہ خود کو بد معاش سمجھتے ہیں لیکن سیاسی تجربہ بتاتا ہے کہ عمران خان اپنی سیاسی موت کے قریب ہیں اور یہی دھرنا قبرستان ثابت ہوگا ۔ سینیٹر حاجی غلام علی نے اس موقع پر تحریک انصاف کو سیاسی مشورہ دیا کہ اپنی توانائیاں پہلے خیبر پختونخوا کے حالات بہتر کرنے میں صرف کریں اسکے بعد ملک کے حالات میں تبدیلی کے لئے انتخابات کا انتظار کریں ۔

متعلقہ عنوان :