شمالی وزیرستان سے افغانستان نقل مکانی کرنے والے 36 ہزار آئی ڈی پی خاندان پاکستان واپس آگئے ہیں،سردار مہتاب احمد خان

جمعہ 31 اکتوبر 2014 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) گورنرخیبرپختونخواسردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان سے افغانستان نقل مکانی کرنے والے 36 ہزار آئی ڈی پی خاندان پاکستان واپس آگئے ہیں جن کی کرم ایجنسی میں علی زئی کے مقام پر قائم مرکز میں رجسٹریشن کی جاچکی ہے۔ قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈآپریشن کامیابی سے جاری ہیں جن کی تکمیل پر آئی ڈی پیز کو باعزت طور پر واپس بھجوایاجائیگا۔

وہ جمعہ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں شمالی وزیرستان ایجنسی کی سرکردہ شخصیات سے ملاقات کے دوران گفتگوکررہے تھے۔ جنہوں نے سابق وفاقی سیکرٹری فرید خان وزیر کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اعظم خان اور پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ڈاکٹر فخرعالم بھی اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

وفد میں شامل شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ سینئربیورکریٹس، ٹیکنوکریٹس،ممتاز معالجین اوردیگرسرکردہ شخصیات نے گورنرکو انہیں درپیش مسائل پرتفصیلی بریفنگ بھی دی ۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ شمالی وزیرستان اورخیبرایجنسی میں ٹارگٹڈ آپریشن کا مقصد دہشت گردی کاصفایا کرناہے اور مزیدکہاکہ قبائلی عوام اورپوری قوم دہشتگردی کے خلاف اپریشن میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گھربارچھوڑنے والے قبائل کوتنہانہیں چھوڑاجائیگااورحکومت محدودوسائل کے باوجود آئی ڈی پیز کوتمام ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں جبکہ ٹارگٹڈ آپریشنز کی تکمیل پرجلد آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی اوربحالی عمل میں لائی جائے گی۔

فاٹا میں اصلاحات کے حوالے سے گورنرنے کہاکہ اس ضمن میں فاٹاریفارمزکمیشن قائم کیاگیاہے اور قبائلی عوام کی امنگوں اورخواہشات کے مطابق اصلاحات کاعمل جاری ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔سردار مہتاب احمدخان نے کہاکہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی ذاتی دلچسپی سے محدود وسائل کے باوجود آئی ڈی پیز کوتمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف کی ہدایت پرپنجاب حکومت کاتعاون بھی قابل قدر ہے۔

وفد کے شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں گورنرنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صحت، تعلیم اور معیاری غذائی اجناس سے متعلق آئی ڈی پیز کی شکایات کافوری ازالہ کیاجائے اور اسی امر کو یقینی بنایاجائے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ سردار مہتاب احمدخان نے کہاکہ حکومت نے قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کے ناسور کاخاتمہ کرکے ان علاقوں کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کا پختہ عزم کررکھاہے کیونکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کاراستہ قبائلی علاقوں سے ہوکرگزرتاہے۔