ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ہنگامی صورت حال جاری رکھی جائے،شرجیل میمن

جمعہ 31 اکتوبر 2014 19:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) وزیر بلدیات اطلاعات و چیئرمین واٹر بورڈ شرجیل انعام میمن نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایات دی ہیں کہ ممکنہ سائیکلون کے خطرے کے ٹل جانے کے باوجود کراچی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ادارے میں ہنگامی صورت حال جاری رکھی جائے۔ شہر میں 8 ، 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران نکلنے والے جلوس اور مجالس کے دوران پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام پر کڑی نظر رکھی جائے۔

ان ہدایات کی روشنی میں ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز ، چیف انجینئیر واٹر ٹرنک مین(بلک ) چیف انجینئر سیوریج اور تمام ضلعی چیف انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ بارشوں کے امکانات کے باعث ہنگامی صورتحال میں فراہمی ونکاسی آب کو رواں رکھنے کیلئے دوران تعطیل بھی اپنے ضلعوں میں حفظ ماتقدم کے طور پر بروقت اور ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں ، تاکہ شدید بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی اور پانی کی فراہمی معطل نہ ہو۔

(جاری ہے)

بارش کے دوران بجلی کے تعطل کے ممکنہ خدشات کے باعث پانی اور سیوریج پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی فراہمی متبادل طور پر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات وچیئرمین واٹربورڈ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر واٹربورڈ نے محرم الحرام کے دوران بالخصوص 8,9 اور 10 محرم کے لئے پہلے ہی ہنگامی اور حفاظتی اقدامات و انتظامات کرلیئے ہیں تاہم شدید بارش کی صورت میں نہ صرف پانی کی فراہمی بلکہ خاص طور پر سیوریج سسٹم کو ہر صورت رواں رکھا جائے ۔

واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تمام چیف انجینئرز ضلعی انتظامیہ ،ضلعی بلدیات اور بلدیہ عظمیٰ کراچی سے بھی رابطہ میں رہیں ، نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کے سلسلے میں ان سے مکمل تعاون کریں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں ۔انہوں نے اعلان کیا کہ واٹربورڈ کے تمام فیلڈ دفاتر دوران تعطیل بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے ۔ ایم ڈی واٹر بورڈنے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ شہری اپنی شکایات کے ازالہ کے لئے ضلعی دفاتر سے رابطہ کریں ۔ دوران بارش گٹروں (مین ہولز) کے ڈھکن ہرگز نہ ہٹائے جائیں تاکہ بارش کے پانی کے ساتھ کچرا مٹی اور شاپرز سیوریج لائنوں میں جانے سے سیوریج سسٹم بلاک نہ ہو۔ #

متعلقہ عنوان :