پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ کے لئے قومی اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دی جائے ،اراکین قومی اسمبلی کا مطالبہ

جمعہ 31 اکتوبر 2014 19:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) قومی اسمبلی میں اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ کے لئے قومی اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دی جائے جبکہ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے سندھ میں اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے معاملہ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق کے سپرد کرتے ہوئے آئندہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ ہم اس ملک کا حصہ ہیں اور محب وطن پاکستانی ہں۔ سندھ میں ہر ماہ اقلیتی برادری کے افراد کو اغواء کیا جاتا ہے۔ اس معاملے پر ایوان کی کمیٹی بنائی جائے۔انہوں نے کہاکہ ہندو بچیوں کو زبردستی مذہب تبدیل کرانے پرمجبورکیا جاتاہے اور اس میں بعض مدارس بھی ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

یہ صورتحال ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے۔

کمیٹی میں ہماری مرضی کے مطابق ارکان کو شامل کیا جائے جو آئین کے تحت ہمارے حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اقلیتوں کے ساتھ زیادتیوں کی کوئی بھی رکن حمایت نہیں کر سکتا۔ سندھ حکومت کو اس معاملے پر ہدایت کی جائے۔میاں عبدالمنان نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے وفاق کو بھی کردار ادا کرتے ہوئے کمیٹی قائم کرنی چاہیے اس سے عالمی سطح پر مثبت پیغام جائے گا۔

اسفن یار بھنڈارا نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے تحفظ کے لئے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امیر الحسنات شاہ نے کہا کہ اقلیتوں کے معاملے پر کمیٹی قائم کرنے کا اصرار کیا جارہا ہے‘ ہمیں ان کو مطمئن کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دینی چاہیے۔ طارق سی قیصر نے بھی کمیٹی کی تشکیل کی حمایت کی۔ جس پر ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے قانون‘ انصاف و پارلیمانی امور میں تمام جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے۔انہوں نے یہ معاملہ ان کے سپرد کرتے ہوئے ان سے آئندہ اجلاس میں رپورٹ طلب کرلی۔