Live Updates

تحریک انصاف پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ کمی کو ناکافی قرار دیدیا

جمعہ 31 اکتوبر 2014 19:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد اور سیکرٹری انفارمیشن عندلیب عباس نے پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں تین گنا مزید کمی ہونی چاہئے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر قیمتیں بالکل نچلی سطح تک گر گئی ہیں ،مگر پانچ ماہ سے (ن) لیگ کی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے ،حکمرانوں نے اپنے ڈیڑھ سالہ دورِ حکومت سے غریب عوام کا خون نچوڑرہی ہے ، موجودہ حکومت ناکام ترین حکومت ہے جس سے ہر شعبہ زندگی شدید متاثر ہو اہے۔

رہنماؤں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بالکل سنجیدہ نظر نہیں آتی ، بجلی اور گیس کی چوری کا بوجھ بھی غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے ،حکمران شاہانہ طرز حکمرانی میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکے، غریب عوام دووقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ، بجلی کی قیمتیں ڈبل ہو چکی ہیں ، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں ، اشیائے خوردنوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں متعلقہ ادارے بالکل ناکام ہو چکے ہیں ،حکومت بجلی کا بحران کا بحران بھی حل نہیں کر سکی ، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے صنعتی شعبے کو شدید متاثر کیا ہے جس سے لاکھوں مزدور بے روز گار ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی ، پٹرولیم مصنوعات ، گیس کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرائے میں فوری کمی کی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے، موجودہ حکومت ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے میں بھی بے بس نظر آ رہی ہے اور حکومت اپنی رٹ بھی کھو چکی ہے جس سے ملک وقوم کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات