ذوالفقار کھوسہ نے ( ن) لیگ کے بت کدے میں اذان دی ہے، اختلافات کی چنگاری شعلہ بننے والی ہے‘صاحبزادہ حامد رضا

جمعہ 31 اکتوبر 2014 19:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ذوالفقار کھوسہ نے مسلم لیگ ن کے بت کدے میں اذان دی ہے، ن لیگ میں اختلافات کی چنگاری شعلہ بننے والی ہے،محرم کے بعد سیاسی زلزلے آئیں گے اور سب کچھ بدل جائے گا۔ تھر میں زندگی تھر تھر کانپ رہی ہے، تھر کے غریبوں کی بے بسی اور حکومتی بے حسی کی انتہا ہو گئی ہے،بلاول کے جلسوں پر خرچ ہونے والے اربوں روپے تھر میں خرچ کیے جاتے تو آج وہاں اموات نہ ہوتیں، قومی اداروں کی نجکاری کی مزاحمت کریں گے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھکر کے ضمنی الیکشن میں سرپرائز دیں گے، بھارت اشتعال انگیزی سے باز نہ آیا تو کنٹرول لائن کو بھارتی فوج کا شمشان گھاٹ بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

تھر میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں قابل تحسین ہیں، دہشت گردی سے مستقل نجات کے لیے قوم کا فوج کے شانہ بشانہ ہونا ضروری ہے۔ مسلمانوں کے خلاف عالمی سطح پر بڑی جنگ کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔

امریکہ اور اسرائیل نے غیر مسلم اتحادیوں سے دفاعی معاہدوں کی رفتار تیز کر دی ہے۔ حکمرانوں کے خلاف عوامی نفرت کا لاوا پھٹنے والا ہے۔ قوم موجودہ حکومت کی کسی پالیسی سے مطمئن نہیں۔ موجودہ حکومت جتنی دیر رہے گی مسائل میں اضافہ ہو گا۔۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ سردار ذوالفقار کھوسہ نے شریف برادران کے چہرے بے نقاب کر دیئے ہیں۔

مسلم لیگ ن مکافاتِ عمل کا شکار ہے۔ اگلے تین ماہ میں سیاست کا نقشہ بدل جائے گا۔ قوم حقیقی آزادی کے راستے پر چل پڑی ہے۔ اب انقلاب اور تبدیلی قوم کا مقدر بنے گی۔ او جی ڈی سی ایل کی نجکاری قبول نہیں کریں گے۔ حکومت قومی ادارے بیچنے سے باز آ جائے۔ غریبوں کی خودکشیوں کے ذمہ دار حکمران ہیں۔