Live Updates

کراچی،تحریک انصاف لیبر ونگ کے مرکزی صدر محمد زبیر خان کی اسلام آباد میں او جی ڈی سی ایل ملازمین پر تشدد اور شیلنگ کی مذمت

جمعہ 31 اکتوبر 2014 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ کے مرکزی صدر محمد زبیر خان نے اسلام آباد میں او جی ڈی سی ایل کے ملازمین پر تشدد اور شیلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت مزدوروں کے حقوق کو پامال کرنے پر بضد ہے اور اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے مزدوروں کا استحصال کررہی ہے جو انتہائی قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے ۔

یہ باتیں انہوں نے لیبر ونگ میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے اس رویے کے خلاف اپنے آئندہ چند روز میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور مزدوروں کو انصاف کی فراہمی کے لیے ان کے شانہ بشانہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹھیکیداری نظام متعارف کرانے والی نواز حکومت پچھلے دہائیوں میں کی جانے والی نجکاری سے کوئی سبق حاصل نہیں کرسکی ، ماضی کی طرح آج بھی مسلم لیگ ن کی حکومت سرمایہ دار دوست اور مزدور دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

100ارب سے زائد منافع کما کر دینے والے او جی ڈی سی ایل جیسے قومی ادارے اور پی آئی اے کی نجکاری کر کے اپنا بجٹ خسارہ پورا کرنا چاہتی ہے جو سراسر قومی مفاد کے خلاف اور اداروں کی تباہی کے مترادف ہے ۔ زبیر خان نے مزید کہا کہ مزدوروں کے حقوق کو پامال کرنے والی مسلم لیگ ن بہت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائیگی ، حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور انشاء اللہ چیئرمین عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں مزدوروں کو ان کے حقوق ان کی دہلیز پر میسر ہونگے اور تمام محرومیوں کا خاتمہ ہو گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات