مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کی جانب سے راولپنڈی میں شیعہ نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں، ملک کے مختلف شہروں میں جاری دہشتگردی اور عزاداری امام حسین کو محدود کرنے کی کوششوں کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 31 اکتوبر 2014 17:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کی جانب سے راولپنڈی میں شیعہ نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں، ملک کے مختلف شہروں میں جاری دہشتگردی اور عزاداری امام حسین  کو محدود کرنے کی کوششوں کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈذ اٹھا رکھے تھے، جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے صدر توحید علوی اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء ارشاد حسین بنگش نے کہا کہ راولپنڈی میں معتصب پنجاب حکومت نے آئی ایس او کے ڈویژنل صدر وفا عباس سمیت دیگر نوجوانوں کو گرفتار کرکے اپنی عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، ہم پنجاب حکومت کی غنڈہ و پولیس گری نہیں چلنے دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں عزاداری پر پورے والے بم حملے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، کوئٹہ میں بھی بے گناہ سبزی فروشوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا، ملک بھر میں دہشتگردوں کیخلاف شمالی وزیرستان طرز پر آپریشن کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پشاور کے ڈپٹی کمشنر ظہیر السلام ہم آہنگی کی فضاء کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں سے باز رہیں، پولیس ، انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے تعاون کیساتھ عوام عشرہ محرم پرامن انداز میں گزارنا چاہتے ہیں، ڈی سی پشاور کی حرکتوں سے تعاون کی یہ فضاء متاثر ہوسکتی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے کسی بھی حصہ میں عزاداری امام حسین  کو محدود کرنے کی کوشش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ہم اپنی جانیں تو دے سکتے ہیں مگر عزاداری پر آنچ بھی نہیں آنے دیں گے۔

مظاہرے کے بعدقرار داد پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت فوری طور پر راولپنڈی سے گرفتار کئے گئے شیعہ نوجوانوں کو رہا کرے، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر میں جاری مجالس و جلوس ہائے عزاداری کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں، ملک کے کسی بھی حصہ میں عزاداری امام مظلوم  کو محدود کرنے کی کوشش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اورصوبائی حکومت ڈی سی پشاور کو لگام دے، ملت تشیع انتظامیہ کیساتھ بھرپور تعاون کر نے کیلئے آمادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :