آپریشن ضرب عضب کے دوران قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والوں نے قوم کو بے مقصد دھرنوں میں الجھایا

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: شہبازشریف

جمعہ 31 اکتوبر 2014 17:46

لندن ،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن قائم کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کو دہشت گردی اورانتہا پسندی کے سنگین مسئلے کا سامنا ہے ۔ دہشت گردی کا خاتمہ اورقیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پاک افواج وطن عزیز کی بقاء ،سلامتی اوراستحکام کیلئے امن کے دشمنوں کے خلاف برسرپیکار ہیں اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں ،بہادری اورجرات پر فخر ہے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اوروطن عزیز کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار لندن میں اوورسیز پاکستانیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کے ارکان نے ان سے لندن میں ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن اورملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے پاک افواج جرأت اوربہادری کی لازوال تاریخ رقم کررہی ہیں ۔ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جاری ضرب عضب آپریشن کے شاندار نتائج برآمد ہورہے ہیں اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے باعث معاشی و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور قومی معیشت کو بھی نقصان پہنچاہے ۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جن میں پاک افواج،پولیس،سکیورٹی اداروں کے افسران اور اہلکاران کے علاوہ عام پاکستانی شہری بھی شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ جب ایک طرف پاک افواج ملک کو دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے کیلئے بر سرپیکار ہیں تو دوسری جانب ملک کی تاریخ کے اس اہم موڑ پر قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والے بعض عناصر احتجاجی سیاست میں مصروف ہیں اورانہوں نے قوم کو بے مقصد دھرنے میں الجھایا ہوا ہے۔

میں سمجھتا ہوں کہ دھرنا دینے والوں کو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر موجودہ حالات کے تناظر میں بالغ نظری اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے آپریشن کے ساتھ معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا فروغ ، وسائل کی منصفانہ تقسیم اورمعاشرے کے غریب طبقات کو زندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا بھی ناگزیر ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے اس جانب مثبت پیش رفت کی ہے اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔

جنوبی پنجاب میں غریب ترین خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی مفت سہولتوں کی فراہمی کے لئے دانش سکول سسٹم اہم کردارادا کررہا ہے ۔غریب مگرہونہار طلبہ و طالبات کی تعلیمی پیاس بجھانے کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکے ذریعے وظائف دےئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اورانہیں بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی ترقی کے لئے متعدد پروگرام شروع کیے ہیں۔

”اپنا روزگار سکیم“ کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو آسان شرائط پر گاڑیاں فراہم کرنے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے ۔صوبے میں کرپشن فری کلچر اورمیرٹ کو فروغ دیا گیا ہے ۔دیگر تمام پروگراموں کی طرح اپنا روزگار سکیم بھی انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کی جائے گی اور ہر مرحلے میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔آشیانہ ہاوٴسنگ پراجیکٹ کے ذریعے بے گھر افراد کا اپنی چھت کا خواب پورا کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے یہ ایسے انقلابی اقدامات ہیں جن سے انتہاء پسندی کے رجحانات کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگااور وطن عزیزامن کا گہوارہ بنے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیرو ن ملک بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی چاہے انجینئرز ہوں یا ڈاکٹرز،بینکرز ہوں یا سرمایہ کاروہ ان ممالک کی ترقی کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں اوران کے ملک کی تعمیر و ترقی میں لائق تحسین کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کا حل ریاست کی ذمہ داری ہے اوراسی مقصد کے تحت پنجاب حکومت نے صوبے میں مکمل طور پر بااختیار کمیشن بنانے کیلئے قانون سازی کرلی ہے ۔یہ کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اورشکایات کے فوری ازالے کیلئے جدید خطوط پر کام کرے گا۔

متعلقہ عنوان :