پاکستان تحریک انصاف بھرپور عوامی مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے ،صوبائی حکومت اس مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کرے گی ،محمد عاطف خان

جمعہ 31 اکتوبر 2014 16:56

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بھرپور عوامی مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے اور صوبائی حکومت اس مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نصیر کلے مردان میں ایک سڑک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی عہدیدار،پارٹی ورکروں اور عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے انکے حلقہ کے ترقیاتی کاموں کے لئے خطیر رقم مختص کی ہے جس کی ایک ایک پائی ایمانداری کے ساتھ خرچ کی جائے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ حلقہ میں کئی ایک ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جن کی تکمیل سے علاقہ کے لوگ بہت جلد مستفید ہو گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرنے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے بھی شب وروز کوششیں کی جارہی ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے واپڈا سے متعلق مسائل کے حل کے لئے بھی خطیر رقم مختص کی ہے جس سے بجلی سے متعلق مسائل میں خاطرخواہ کمی آئے گی ۔اس موقع پر عمائدین علاقہ نے صوبائی وزیر تعلیم سے حلقے میں سوئی گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا جس پر اُنہوں نے کہا کہ یہ خالصتاً وفاقی حکومت سے متعلق ہے تاہم اسکے حل کے لئے وہ اپنی طرف سے بھر پور کوشش کرینگے۔