ذوالفقار کھوسہ کے انکشافات کے بعد (ن )ازم کے پردے چاک ہو گئے ،مزید وضاحت کی ضرورت نہیں بچی،راجہ راشد حفیظ

جمعہ 31 اکتوبر 2014 16:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے سٹی جنرل سیکرٹری اور پنجاب اسمبلی کے رکن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ گھر کے بھیدی ذوالفقار کھوسہ کے انکشافات کے بعد ن ازم کے پردے مزید چاک ہو گئے ہیں اور اب کسی مزید وضاحت کی ضرورت باقی نہیں بچی کہ شریف برادران کے کھربوں روپے بیرونی ممالک میں پڑے ہوئے ہیں اور یہ اپنے کاروبار کو توسیع دینے اور ملک کے وسائل کو لوٹنے کیلئے اقتدار کے ساتھ چمٹے ہوئے ہیں ․ شریف برادران نے صرف مسلم لیگ کا ہی نہیں بلکہ پورے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ہے ․ تحریک انصاف اسی ن ازم سے ملک اور عوام کو بچانے کی جدوجہد کر رہی ہے ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے دفتر سید پور روڈ میں اپنے حلقے پی پی گیارہ سے تعلق رکھنے والے معززین کے مختلف وفود اور پی ٹی آئی کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ․ انہوں نے کہا کہ گذشتہ شریف برادران کے سابق با اعتماد ساتھی اور ان کے گھر کے بھیدی ذوالفقار کھوسہ نے جو انکشافات کئے ہیں وہی انکشافات تحریک انصاف شروع دن سے کر رہی ہے ․ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا اپنا کھربوں روپے کا سرمایہ بیرون ممالک پڑا ہو وہ بھلا بیرونی سرمایہ کاروں کو کس طرح ملک کے اندر سرمایہ کاری پر رضا مند کر سکتے ہیں ․ شریف برادران نے اپنے کاروباری مفادات کے تحفظ کی خاطر پورے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور ہر بڑے سرکاری ادارے میں اپنے رشتے داروں کو بڑے بڑے عہدے دیکراقرباء پروری اور اپنی کرپشن کو توسیع دینے کے راستے کھولے گئے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ اگر کچھ عرصہ مزید یہ حکومت قائم رہی تو ملکی دولت کا بڑا حصہ شریف برادران کے اکاؤنٹس میں منتقل ہو جائے گا اور ملک کے مسائل پہاڑ جیسے ہو جائیں گے ․ تحریک انصاف کی جدوجہد اسی استحصالی اور لوٹ مار کے نظام کے خلاف ہے اور اب آہستہ آہستہ وہ لوگ بھی پی ٹی آئی کے موقف کے قائل ہو رہے ہیں جو پہلے شریف برادران کی ڈھال بنے ہوئے تھے ․ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے مسلم لیگ کو اپنی جاگیر کی طرح قبضے میں لے رکھا ہے اور ملک کو تباہی کی جانب دھکیلنے میں انہوں نے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ۔