16ہزار پولیس اہلکارجلوس کے ساتھ ساتھ تجارتی مراکز کی بھی حفاظت کریں گے، غلام قادر تھیبو

جمعہ 31 اکتوبر 2014 16:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) شہر کے کاروباری مراکز میں2009جیسا واقعہ دوبارہ رونما نہیں ہونے دیں گے۔ تجارتی مراکز کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکورٹی اقدامات کررہے ہیں۔ محرم الحرام میں پولیس کے 16 ہزارسے زائد جوان سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے ۔ یہ اہلکار جلوس کے شرکاء کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی بھی حفاظت کریں گے۔ کراچی پولیس ذمہ دار محکمہ ہے، تاجر برادری کو درپیش اغوا برائے تاوان، بھتہ اور لوٹ مار جیسے سنگین جرائم پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے چھٹیوں کی حمایت نہیں کرتا۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے آل پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 50فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ایک انسان کا قتل بھی سنگین ہے۔ محکمہ پولیس کے پاس ایک بلٹ پروف گاڑی بھی نہیں ہے۔

سیکورٹی رسک کے باوجود پولیس اپنی ذمہ داریوں کونبھارہی ہے۔ غلام قادر تھیبو نے کھجور بازار اور اطراف کی مارکیٹوں کی حفاظت کے لیے آل پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے مطالبہ کو پورا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھجور بازار کی مارکیٹوں کی حفاظت کے لیے پولیس چوکی قائم کی جائے گی ۔جہاں روزنامچہ اور کچھی ایف آئی آر بھی درج کرنے کی سہولت موجود ہوگی ۔

تاہم اس چوکی میں خصوصی طور پر نفری تعینات کی جائے گی۔ جس میں 15سے زائد پولیس اہلکار وافسران شامل ہوں گے۔ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے چئیرمیں جاوید حاجی عبداللہ نے کہا کہ ماضی کی طرح رواں محرم الحرام میں بھی تاجربرادری کو سیکورٹی خدشات لاحق ہیں۔ حکومت مارکیٹوں کی حفاظت کے حوالے سے تاجر رہنماؤں کااعتماد بحال کرے۔

انہوں نے کہا کہ امن کا قیام ملکی معیشت کی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اس حوالے سے حکومت تاجروں سے مشاورت کرکے معیشت دوست ماحول بنانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کا آغاز کرے۔ اس موقع پر سندھ تاجر اتحاد کے چئیرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ 2009 میں رونما ہونے والے بولٹن مارکیٹ کے واقعہ سے تاجر آج بھی خوف زدہ ہیں۔حکومت یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات کرکے تاجروں میں پائے جانے والے خوف کو ختم کرے۔

تقریب سے انجمن تاجران کراچی کے صدر لالہ رفیق جدون اور بلوچ اتحاد امن دوست کے چئیرمین عابد حسین بروہی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں آل پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حنیف لاکھانی، آل پاکستان جیولرز گروپ کے چئیرمین محمد ارشد، جوڑیا بازار ٹریڈرز کے عبدالقادر بھولو اور سندھ صراف اینڈ جیولرز گروپ کے صدر ہارون رشید چاند، اے پی سی کے ترجمان احمد قادری، ایس پی شیراز نذیر، اسامہ محمود، ممتاز علی ایم آئی گروپ سمیت اولڈ سٹی ایریا کی مختلف مارکیٹوں کے عہدیداروں نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر آل پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے چئیرمین جاوید حاجی عبداللہ اور جنرل سیکریٹی حنیف لاکھانی نے ایڈیشنل آئی جی کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور انہیں اجر ک بھی پہنائی۔

متعلقہ عنوان :