اپوزیشن ہمارے ساتھ مل کر جمہوریت کو آگے بڑھائے‘ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور ترقی محمد نواز شریف کا وژن ہے عابد شیر علی

جمعہ 31 اکتوبر 2014 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے تین میڈیکل کالجوں سمیت 12 کالجز میں مقررہ معیار کا فقدان ہے۔ جمعہ کووقفہ سوالات کے دوران شیخ صلاح الدین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہاکہ حکومت پی ایم ڈی سی میں نئے انتخابات کرانا چاہتی ہیں کیونکہ ہم بھی یہ سمجھتے ہیں کہ وہاں صحیح انداز میں کام نہیں ہو رہا۔

نعیمہ کشور خان کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ بہت سے کالجز ایسے ہیں جو مقررہ معیار کے برعکس رجسٹرڈ کر لئے گئے۔ حکومت نے 100 کے قریب ایسے کالجز کو مقررہ معیار پورا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ڈاکٹر نثار احمد جٹ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر درشن نے کہا کہ پی ایم ڈی سی میں نئے الیکشن کے لئے قانونی کارروائی کی جارہی ہے اور جلد حالات بہتر ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

صارفین سے بجلی کے اضافی بل کے حوالے سے مزمل قریشی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے اوور بلنگ کا نوٹس لیا جس کے بعد آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور وزیراعظم نے رپورٹ کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ سلیب ختم کرنے سے مسئلہ بنا جو اوور بلنگ ہوئی اس کو ایڈجسٹ کیا جارہا ہے۔ مولانا امیر زمان کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ بلنگ کا ایک مقررہ طریقہ کار ہے، اگر کوئی مخصوص نوعیت کی شکایت ہے تو ہمارے علم میں لائی جائے ہم ازالہ کریں گے۔

شیخ امتیاز الدین کے سوال کے جواب میں چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ اوور بلنگ کے معاملے پر سخت ترین آڈٹ ہو رہا ہے۔ کسی ڈسکو میں بے قاعدگی سامنے آئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں خراب میٹر خریدے گئے جنہیں تبدیل کر رہے ہیں اوراس حوالے سے تمام خراب میٹرز کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیاگیا ہے۔ عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہمارے ساتھ مل کر جمہوریت کو آگے بڑھائے‘ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور ترقی محمد نواز شریف کا وژن ہے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا مسئلہ کچھ اور ہے۔ مزدوروں کی تباہی کا یہ خود باعث بنے ہیں۔ اپوزیشن اور حکومت نے مل کر جمہوریت کو آگے بڑھانا ہے۔ ہم نے اپوزیشن کے طور پر گزشتہ پانچ سال تک جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ اپوزیشن ہمارے ساتھ مل کر جمہوریت کو آگے بڑھائے۔