محرم الحرام میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رابطوں کیلئے پاکستان علماء کونسل نے رابطہ سنٹر قائم کر دیئے ہیں‘ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

جمعہ 31 اکتوبر 2014 15:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر سر گرم عمل ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رابطوں کے لیے پاکستان علماء کونسل نے محرم الحرام میں لاہور سمیت مختلف شہروں میں رابطہ سنٹر قائم کر دیئے ہیں ، راوالپنڈی سمیت پورے ملک کے اندر مختلف مکاتب فکر کے درمیان کشیدگی کی صورتحال کو باہمی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ جس طرح قیام پاکستان کے وقت تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں نے اپنا کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

آج پاکستان سے انتہا پسندی ، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کی مقتدر قیادت مشترکہ ضابطہ اخلاق پر متفق ہے اور ملک کے 90 فیصد علاقوں میں اس پر عمل ہو رہا ہے ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور مختلف مکاتب فکر کے قائدین کے درمیان رابطے موجود ہوں تا کہ معاملات کی اصلاح فوری ہو سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان علماء کونسل چاروں صوبائی حکومتوں اور وفاقی وزارت داخلہ سے رابطے میں ہے اور امید کرتی ہے کہ حکومت قانون کی بالا دستی میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں کرے گی ۔ اس موقع پر پیر سید محفوظ مشہدی ایم پی اے ، سردار محمد خان لغاری ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا انوارلحق مجاہد ، مولانا شفیع قاسمی ، مولانا مشتاق احمد ، مولانا محمد اسلم ، مولانا عبد القیوم اور دیگر علماء بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :