گیکپو ملازمین کا بغیر حفاظتی اقدامات گیارہ ہزار وولٹ کی تاریں بدلنے کا تجربہ

جمعہ 31 اکتوبر 2014 15:10

گیکپو ملازمین کا بغیر حفاظتی اقدامات گیارہ ہزار وولٹ کی تاریں بدلنے ..

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر 2014ء) گوجرانوالہ میں گیپکو کے دو لائن مینوں نے کسی حفاظتی اقدمات کے بغیر گیارہ ہزار وولٹ بجلی کی تاروں کو بدلنے کا کام انجام دے کر شہریوں کو حیران کر دیا ۔

(جاری ہے)

سر پر سیفٹی ہیلمٹ کے بجائے رومال ، چمڑے کے دستانے ، بیلٹ اور ربر کے مخصوص بوٹ غائب ، سیڑھی نہ کوئی سنارکل ، نیچے جی ٹی روڈ پر رواں دواں ٹریفک ، سڑک سے 80 فٹ کی بلندی پر ہوا میں معلق گیارہ ہزار وولٹ کی تاروں پر مصروف کار یہ کوئی بازی گر نہیں ، بلکہ سب ڈویژن گیپکو فرید ٹاؤن کے لائن مین محمد اسحاق اور محمد سلیم ہیں جو بغیر کسی کٹ اور حفاظتی آلات کے کبھی لیٹ کر اور کبھی چل کر بجلی کی تاریں بدلتے رہے ، سڑک پر کھڑے شہری یہ خوفناک منظر دیکھ کر ان کی زندگی کے لیے دعائیں کرتے رہے ، موقع پر موجود لوگوں نے گیپکو حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔

ان کا کہنا تھا اربوں روپے منافع کمانے والے ادارے کو اپنے غریب لائن مینوں کی زندگی کی کوئی پروا نہیں کسی شاعر نے کیا خوب کہا ۔ تو قادر و مطلق ہے مگر تیرے جہاں میں ہیں تلخ بہت بندہ ء مزدور کے اوقات